یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکیج آج سے شروع
اشاعت کی تاریخ: 28th, February 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکیج کا آغاز کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ حکام کو اسٹورز پر اشیاء کی مقدار اور معیار یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے، یوٹیلیٹی اسٹور پر رمضان ریلیف پیکیج عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے علیحدہ اسکیم ہے، وزیرِاعظم نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت ملک بھر کے لیے 20 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز رمضان ریلیف پیکیج آج سے شروع ہوگیا ہے جو چاند رات تک جاری رہے گا، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے رمضان ریلیف پیکیج کا اجراء کر رہی ہے، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن عوام کی سہولت کے لیے رمضان المبارک کے دوران 800 سے زائد برانڈڈ اشیاء پر 15 فیصد تک رعایت دے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ عوام کی سہولت کے پیشِ نظر ملک بھر میں قائم یوٹیلٹی سٹورز کے کھلے رہنے کے اوقات بھی بڑھا دیے گئے ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز صبح 9 سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: رمضان ریلیف پیکیج کے لیے
پڑھیں:
سرمایہ کاری کے لیے پاکستان بہترین مقام بن چکا ہے، وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ
اسلام آباد:پاکستان اور آسیان ریجن کے درمیان معاشی اور تجارتی روابط کے فروغ پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے زیر اہتمام اہم سیمینار منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر نجکاری کمیشن قیصر احمد شیخ اور آسیان ممالک کے سفراء نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان، آسیان ممالک کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات قائم کرنے والا اولین ملک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں خطوں کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 9 ارب سے 11 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے پاکستان آسیان اور مشرق وسطیٰ کے درمیان کنیکٹیویٹی کا آسان ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی ہنر مند افراد آسیان ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ سی فوڈ، زراعت، چمڑے کی صنعت سمیت دیگر شعبوں میں تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے آسیان ممالک کے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ آئندہ چند برسوں میں پاکستان کی معیشت ایک ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین، مشرق وسطیٰ اور آسیان کے سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کا سنہری موقع موجود ہے، اور حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی ریٹنگ مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی اور سفارتی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے محل وقوع کے اعتبار سے آسیان ریجن کے لیے بہترین تجارتی پارٹنر ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان زرعت، فارماسیوٹیکل، آئی ٹی اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں آسیان ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت علاقائی تجارت اور سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔