راولپنڈی: پیشہ ور گداگری کا بڑا نیٹ ورک چلانیوالے 2 ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 22nd, March 2025 GMT
راولپنڈی کے علاقے تھانہ کینٹ میں پیشہ ور گداگری کا بڑا نیٹ ورک چلانے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق مختلف پلازوں میں مقیم 47 پیشہ ور گداگر وں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جن میں 14خواتین اور 2 ٹرانس جینڈر بھی شامل ہیں۔پولیس کا بتانا ہے کہ تھانہ کینٹ کے علاقے میں پیشہ ور گداگری میں ملوث بڑا نیٹ ورک چلانے والے 2 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، نیٹ ورک کم عمر بچوں کوبھی گداگری کے لیے استعمال کرنے میں ملوث ہے۔پولیس کے مطابق گرفتارملزمان لاہور ، فیروز والا، بورے والا اور ڈی جی خان سے افراد کو لا کر گداگری کرواتے تھے جس کیلئے ملزمان گداگروں کو اپنی ٹرانسپورٹ پر مخصوص پوائنٹ پر چھوڑتے ہیں جہاں وہ گداگری کرتے تھے، گداگروں نے خواتین کے پرس، گاڑیوں سے موبائل اور قیمتی سامان چرانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔سی پی او راولپنڈی کے مطابق گداگروں کو کرائے پر رہائش دینے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پنجاب میں ہنی ٹریپ میں ملوث دو بڑے گینگز گرفتار
راولپنڈی:راولپنڈی پولیس نے ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے دو بڑے گینگز کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ دونوں گینگز کے مجموعی طور پر 16 ملزمان کو گرفتار کیا جن میں خواتین، غیر ملکی شہری اور پانچ حاضر سروس پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے سات لاکھ پچاس ہزار روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
صدر بیرونی پولیس کی کارروائی کے دوران مشرقی افریقہ کے ملک ملاوی کی پاکستانی نژاد خاتون مرینہ خان کو اس کے شوہر بلال اور چار دیگر ساتھیوں فاروق، طیب، کامران اور عبدالجبار سمیت گرفتار کیا گیا۔
ملزمان سوشل میڈیا پر شہریوں سے رابطہ کرکے انہیں ملاقات کے لیے بلاتے اور بعد ازاں اسلحے کے زور پر لوٹ لیتے تھے۔ مرینہ خان گینگ سے دو لاکھ پچاس ہزار روپے اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
دوسرا گینگ صادق آباد پولیس نے گرفتار کیا جس کا سرغنہ آفتاب عرف تابی ہے۔ اس گینگ میں خواتین سمیت 10 افراد شامل تھے جن میں پانچ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ گینگ سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ٹریپ کرتا، ملاقات کے بہانے بلا کر نازیبا ویڈیوز اور تصاویر بناتا اور پھر بلیک میل کرکے رقم بٹورتا۔ گرفتار ملزمان میں آفتاب، حمزہ، شان، ہاجرہ، عظمیٰ، مبشر، رضا عباس، فضل عباس، نعمان اور افضال شام شامل ہیں۔ اس گینگ سے پانچ لاکھ روپے اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
ایس ایس پی کاشف ذوالفقار کے مطابق دونوں کیسز کو ٹریس کیا جا چکا ہے اور ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ اور فوجداری کارروائی کی جا رہی ہے اور انہیں ملازمت سے برطرف کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کوئی مزید متاثرہ شخص سامنے آنا چاہے تو فوری پولیس سے رابطہ کرے۔