’’ابھی تو میں جوان ہوں!‘‘ 89 سالہ دھرمیندر کا سرجری کے بعد پیغام
اشاعت کی تاریخ: 2nd, April 2025 GMT
بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر نے آنکھ کی سرجری کروانے کے بعد اپنے مداحوں کو ایک طاقتور پیغام دیا ہے۔ 89 سال کی عمر میں بھی ’’ہی مین‘‘ اپنی جوان دلی اور حوصلے سے سب کو حیران کرگئے۔
اسپتال سے باہر نکلتے ہوئے دھرمیندر نے آنکھ پر پٹی باندھے ہوئے شوبز صحافیوں سے بات کی۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، ’’بہت جان ہے مجھ میں ابھی! میں اپنی آنکھ کا علاج کروا کر آیا ہوں۔ محبت ہے آپ سب سے، محبت ہے میرے مداحوں سے، میں مضبوط ہوں۔‘‘ انہوں نے دونوں ہاتھ اوپر اٹھا کر اپنی توانائی کا مظاہرہ کیا۔
دھرمیندر کو حال ہی میں فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں کنول رندھاوا کے کردار میں دیکھا گیا تھا۔ اب وہ سری رام رگھوان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اکیس‘ میں ایم ایل کھیتاڑ پال کا کردار ادا کریں گے، جہاں ان کے ساتھ اگاستیا نندا مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔
اپنے طویل کیریئر پر بات کرتے ہوئے دھرمیندر نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں اپنی عمر پر یقین نہیں آتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت بہت تیزی سے گزر گیا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں پہلی فلم ’دل بھی تیرا ہم بھی تیرے‘ میں کام کرنے کا موقع ملا تو انہیں یہ تک نہیں معلوم تھا کہ کیمرے کے سامنے کہاں دیکھنا ہے۔
دھرمیندر کی صحت یابی کی خبروں پر ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ کئی نوجوان اداکاروں نے بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
’شعلے‘، ’چپکے چپکے‘ اور ’ان پڑھ‘ جیسی یادگار فلموں میں کام کرنے والے دھرمیندر کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی نئے کرداروں کےلیے تیار ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پہلگام واقعے پر بھارت سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے اپنی پرانی خواہش پوری کررہا ہے، وزیر دفاع
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کئی سال سے مختلف حیلے بہانوں سے سندھ طاس معاہدے سے منحرف ہونے کی کوشش کررہا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر دفاع نے سماجی رابطے کی سائٹ خواجہ آصف نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے قانونی حوالہ دیا۔
انہوں نے دستاویز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سندھ طاس معاہدے کی یہ متعلقہ شقیں یہ ہیں جس کی تشریح کی ضرورت نہیں اور اس معاہدے میں ترمیم یا نئی شقوں کو ڈالنے کا طریقہ کار بھی درج ہے۔
انہوں نے حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کیا کرسکتا ہے اور کیا نہیں، یہ وضاحت کے ساتھ درج ہے اور اسی اسی طریقہ کار کا پاکستان بھی پابند ہے۔
خواجہ آصف نے کاہ کہ بھارت کئی سال سے مختلف حیلوں بہانوں سے سندھ طاس معاہدے سے منحرف کی کوشش میں ہے اور اب پہگلام میں ہونے والے دہشت گردی کے افسوس ناک واقعہ کو صرف اور صرف اپنی ایک پرانی خواہش کی تکمیل کے لئے استعمال کر رہا ہے۔