راولپنڈی میں طوفان اور بارش کے حادثات میں 3 افراد جاں بحق، 2 شدید زخمی
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
راولپنڈی اورجہلم میں آندھی، طوفان کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث دیواریں گرنے کے واقعات میں تین افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں طوفانی بارش کے دوران دیواریں گرنے کے تین واقعات میں دوافراد جاں بحق اورآٹھ زخمی ہوگئے۔
نواحی علاقے محلہ شہیداں میں لوڈرگاڑی پرڈیرے کی دیوارگر گئی جس کے نتیجے میں دوافراد موقع پر جاں بحق،چار زخمی ہوئے جنہیں راولپنڈی اسپتال منتقل کیا گیا۔ جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
دیوار گرنے کا دوسرا واقعہ پڑی درویزہ میں پیش آیا جس میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں، نواحی علاقہ سہالہ میں دیوار گرنے کے تیسرے واقعہ میں ایک بچہ اورنوجوان شدید زخمی ہوئے۔
راولپنڈی کے تھانہ رتہ امرال کے علاقہ میں مسجد کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 24سالہ موسی جاں بحق ہوگیا جس کاا تعلق ہزارہ کالونی سے ہے،لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
راولپنڈی کی عدالت میں قتل کا ملزم اور پولیس کانسٹیبل فائرنگ سے زخمی
راولپنڈی کی عدالت میں پیشی پر آیا قتل کا ملزم اور پولیس کانسٹیبل فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کی ٹیکسلا کچہری کے احاطے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں پیشی پر آئے ملزم قدیر سمیت پولیس کانسٹیبل عابد زخمی ہوگئے، پولیس نے فائرنگ کرنے والے کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبل عابد نے جان پر کھیلتے ہوئے پیشی پر آئے ہوئے ملزم کو بچانے کی کوشش کی اس دوران کانسٹیبل عابد کو بھی گولی لگی، دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ٹیکسلا پولیس کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کی شناخت امین شاہ کے نام سے ہوئی ہے، واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے، پولیس نے موقع سے شواہد جمع کرلیے۔
پولیس کے مطابق ملزم قدیر کو 2019ء کے قتل اور ضرر کے مقدمہ میں پیشی کے لئے عدالت لایا گیا تھا۔
فائرنگ کے واقعہ پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے لیا اور ایس پی پوٹھوہار کو فوری انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔