’اداکارہ نہیں بننا چاہتی تھی‘، خوشبو خان اس فیلڈ میں پھر کیسے آئیں؟
اشاعت کی تاریخ: 22nd, April 2025 GMT
فلم اسٹار خوشبو خان کا کہنا ہے کہ وہ اداکارہ نہیں بننا چاہتی تھیں انہیں زبردستی چائلڈ آرٹسٹ بنایا گیا۔
خوشبو خان حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو کی مہمان بنیں جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 7سات سال کی عمر میں کام کرنا شروع کیا تھا اور 11 سال کی عمر تک وہ ہیروئن بن چکی تھیں۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ کسی پر یا کسی چیز پر اعتماد نہیں کرتیں۔ جو کچھ بھی انہوں نے دوسروں کے لیے کیا، اس کا کبھی کوئی صلہ نہیں ملا۔ انہوں نے اپنی زندگی میں بہت سی قربانیاں دیں لیکن بدلے میں صرف دھوکہ ہی ملا اور آخر میں وہ ایک ٹوٹے دل کے ساتھ تنہا رہ گئیں۔
خوشبو خان نے بتایا کہ انہوں نے کبھی اداکارہ بننے کا خواب نہیں دیکھا تھا، وہ ہمیشہ ایک استاد بننا چاہتی تھیں۔ مگر بچپن میں انہیں زبردستی چائلڈ آرٹسٹ بنا دیا گیا اور پھر یہ سب ایک معمول بن گیا۔ وہ مسلسل کام کرتی رہیں اور انہیں اپنی تعلیم مکمل کرنے کا بھی موقع نہیں ملا، جس کا آج بھی انہیں افسوس ہے۔ انہوں نے اپنے پورے خاندان اور یہاں تک کہ کزنز تک کو پال پوس کر بڑا کیا۔ وہ سب کی مالی مدد کرتی رہیں اور آج وہ سب اپنی زندگیوں میں سیٹلڈ ہیں، جبکہ وہ خود اکیلی رہ گئیں۔
اداکارہ کے مطابق وہ پچھلے چند سالوں میں ڈپریشن کا شکار رہی ہیں۔ وہ اپنے کمرے میں بیٹھی رہتی تھیں۔ ان کا دل چاہتا کہ وہ زور زور سے روئیں، اور وہ ایسا ہی کرتی تھیں۔ انہیں یہ تک نہیں معلوم تھا کہ یہ ڈپریشن ہے۔ انہوں نے خود ہی اس کیفیت سے نکلنے کی کوشش کی اور باہر آئیں۔ وہ آج بھی تنہا ہیں اور اب اس تنہائی کو شدت سے محسوس کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ویٹرن اداکار آصف خان اپنی اداکارہ بہو سے ناراض
واضح رہے کہ خوشبو خان کئی سالوں سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ وہ ڈراموں، فلموں اور تھیٹر میں کام کر چکی ہیں۔ خوشبو خان کی شادی اداکار ارباز خان سے ہوئی ہے، جو خود بھی ایک فلم اسٹار ہیں، اور اس جوڑے کے دو بچے ہیں۔
اس سے قبل ارباز خان کے والد آصف خان کا کہنا تھا کہ خوشبو سے شادی ان کے بیٹے ارباز کی بڑی غلطی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 5 سال ہوگئے ان کی بیٹے بہو سے ملاقات نہیں ہوئی ہے۔
ویٹرن اداکار نے کہا کہ وہ اس شادی کے خلاف تھے لیکن ارباز خان نے پھر بھی کرلی اور اب اس ماحول میں پھنس کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیر اب جو ہوگیا سو ہوگیا، اب تو اس کے 2 جوان بچے ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ارباز خان پاکستانی فلمیں تھیٹر خوشبو خان.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: پاکستانی فلمیں تھیٹر
پڑھیں:
اداکارہ تارا محمود کا والد کے سیاسی پس منظر اور دھمکیاں ملنے کا انکشاف
معروف اداکارہ و گلوکارہ تارا محمود نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران اپنے والد کے سیاسی پس منظر کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا اور کراچی منتقل ہوئیں تو والد نے انہیں مشورہ دیا کہ بہتر ہوگا وہ کسی کو اپنی خاندانی حیثیت کے بارے میں نہ بتائیں، کیونکہ یہ سیکیورٹی کے لیے زیادہ محفوظ تھا۔
تارا محمود کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی والد کے اثر و رسوخ یا طاقت کو استعمال کرنے کی کوشش نہیں کی۔ قریبی دوست ان کے خاندانی پس منظر سے واقف تھے، لیکن انڈسٹری کے لوگوں کو اس کا علم نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب والد کے ساتھ ان کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں تو وہ خوفزدہ ہوگئیں کیونکہ وہ غیر ضروری توجہ نہیں چاہتیں اور ایک پرائیویٹ زندگی گزارنا پسند کرتی ہیں۔
اداکارہ نے اپنے والد کے وزیر تعلیم ہونے کے دور کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق کووڈ-19 کے دوران جب اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز بند کیے گئے تو والد شفقت محمود انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئے اور لوگوں نے انہیں ہیرو قرار دیا۔ تاہم، جب اگلے سال تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ ہوا تو انہیں اور والد دونوں کو تنقید اور دھمکیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
تارا محمود نے مزید بتایا کہ طلبا اکثر انہیں امتحانات یا تعلیمی مسائل کے حوالے سے پیغامات بھیجتے تھے، لیکن وہ ان معاملات میں کچھ نہیں کرسکتی تھیں کیونکہ سرکاری فیصلوں کا اختیار ان کے پاس نہیں تھا بلکہ یہ ان کے والد کی ذمے داری تھی۔
یاد رہے کہ اداکارہ تارا محمود کے والد شفقت محمود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم رہ چکے ہیں۔