Express News:
2025-04-28@04:31:21 GMT

کینال منصوبہ

اشاعت کی تاریخ: 28th, April 2025 GMT

اچھی بھلی چلتی حکومت کو ہمارے حکمراں خود خطرے میں ڈال دیا کرتے ہیں۔گزشتہ برس فروری میں جب ہمارے یہاں قومی انتخابات ہوئے تو ہم سب کو معلوم ہے وہ کن حالات میں ہوئے اورکس طرح کرائے گئے۔ اُن دنوں ملک ایک بہت ہی بڑے اورخطرناک معاشی بحران سے گزر رہا تھا۔

عوام سخت مہنگائی کی وجہ سے انتہائی مایوسی کاشکار تھے اور ایسے میںانتخابات کا جو نتیجہ آیا وہ توقع کے خلاف ہرگز نہیں تھا۔ پی ڈی ایم کی سولہ ماہ کی حکومت میں زبردست مہنگائی کے سبب مسلم لیگ نون کا ووٹ بینک بڑی حد تک متاثر ہوچکا تھا، معاشی اور اقتصادی زبوں حالی کے سبب ملک میں دوبارہ الیکشن کروائے نہیں جاسکتے تھے۔ پھر مجبورا میاں شہباز شریف کو حکومتی ذمے داریاں سنبھالنی پڑیں۔

پارلیمنٹ میں عددی کمی کو پورا کرنے کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کو ساتھ ملایا گیا۔ مگر پیپلزپارٹی اِن حالات میں کابینہ کا حصہ بننے پررضا مند نہ ہوئی اورصرف آئینی عہدوں کے عوض اس نے شہباز شریف کاساتھ نبھانے کے عہدوپیمان کرلیے۔ اُسے خراب معیشت کی وجہ سے خدشات لاحق تھے کہ کابینہ میں شامل ہونے کا مطلب تمام ناکامیوں کا بوجھ اتحادی پارٹی کو بھی اُٹھانا پڑے گا۔ ساتھ ہی ساتھ اُسے اپنی سیاسی ساکھ کو بھی برقرار رکھنا مقصود تھا۔

پچھلی کئی دہائیوں سے پاکستان پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ایک دوسرے کے بڑے حریف رہے ہیں اورعوام کے ووٹ بھی اِن ہی دوپارٹیوں میں تقسیم چلے آرہے تھے ، مگر 2011 سے تحریک انصاف نے اِ ن دونوں کے ووٹ بینک میںدراڑڈال کر اچھے خاصے ووٹ اپنے پلڑے میں ڈال لیے۔ اب یہ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کو کمزور کرنے اورنیچا دکھانے کی بجائے مل جل کر تیسرے حریف سے نبرد آزما ہوگئیں۔ یہ وقت اور حالات کاتقاضہ بھی تھا۔ پی ڈی ایم کی حکومت میں بھی اِن دونوں نے مل کرایک دوسرے کا ساتھ نبھایا اور بلاول بھٹو زرداری نے اس عبوری دور میں اپنے لیے وزارت خارجہ کا قلم دان پسند فرمایا۔ صدر آصف زرداری صاحب کی ذہانت کے متعلق جب ہم یہ کہا کرتے ہیں کہ وہ بہت دور کی سوچ رکھتے ہیں توکچھ غلط بھی نہیں کہتے ہیں۔

پرویز مشرف کو ہٹا کرجس طرح اُنھوں نے اپنے آپ کواس ملک کا صدر بنانے کے لیے منصوبہ بندی شروع کی ویسی شاید ہی کوئی کرسکتا تھا۔ مخدوم امین فہیم وزارت عظمیٰ کی حسرت لیے اس دارفانی سے ہی گزرگئے اورزرداری صاحب نے 2008 میں وزیراعظم کے عہدے کے لیے یوسف رضا گیلانی کو نامزد کردیا۔ اس وقت اُن کے ذہن میں اپنے لیے صدر مملکت کا عہدہ چل رہا تھا اورایک صوبے سے دو بڑے عہدوں پر شخصیات کا نامزد ہونا سیاسی اعتبار سے اچھا تصور نہیں کیاجاتا ہے اس لیے مخدوم امین فہیم کی حسرتوں پر پانی پھیردیا گیا۔

ہاں تو بات ہو رہی تھی اچھی بھلی چلتی حکومت کی غلطیوں پر۔ میاں شہبازشریف نے اپنا ایک سال بخیروخوبی گزار لیا اور حکومت کے نامہ اعمال میں کچھ کامیابیاں بھی حاصل کر لیں۔ اس طرح اُنھوں نے اپنے سولہ ماہ کی حکومت کی ناکامیوں کا کچھ بوجھ بھی ہلکا کر لیا۔ اِن کامیابیوں کے پیچھے ہماری اسٹیبلشمنٹ کا بھی ہاتھ ہے جس نے اُنہیں ایسا وزیرخزانہ دیا جس کے تعلقات عالمی مالیاتی اداروں سے بھی بہت مضبوط رہے ہیں اورجن کی کاوشوں سے ہمیں IMFسے قرضہ حاصل کرنے میں بہت مدد ملی۔

وہ قرضہ اگر نہ ملتا تو لاکھ کوششوں کے باوجود موجودہ حکومت آج اپنی کامیابیوں کا یہ جشن منا نہیںرہی ہوتی ۔ البتہ موجودہ حکومت نے چولستان کے صحراؤں کو زرخیز بنانے کے لیے چھ نہریں نکالنے کااعلان کردیا۔ حالانکہ پالیسی سازوں کو اچھی طرح پتا ہونا چاہیے تھا کہ سندھ یہ منصوبہ قبول نہیں کرے گا، مگر پھربھی اس کی تشہیر زورشور کے ساتھ شروع کردی گئی۔ جس کانتیجہ کیا ہوا کہ اپنی اتحادی پارٹی سے ناراضی اورتلخی بھی مول لی اوریہ منصوبہ بھی ترک کرنا پڑا ۔

ہم سب جانتے ہیں کہ اس ملک میں جب کالاباغ ڈیم نہیں بن سکا تو چھ نہروں کا منصوبہ بھلا کیسے کامیاب ہوسکتا ہے۔ حکومت اپنے اس مجوزہ  منصوبے پرڈٹی رہی اور وہاں پیپلزپارٹی بھی اس کی مخالفت میں جتی رہی۔ سندھ میں احتجاج شروع ہوگیا، سندھ حکومت کے مطالبے پر بھی مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے سے مسلسل گریز بھی کیا جاتا رہا ۔ حکومت کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ جہاں ایک صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت ہے اوربلوچستان میں شورش بپا ہے ایسے میں وہ تیسرے صوبے سے لڑائی بھلا کیسے مول سکتی ہے۔

اس معاملے میں سندھ حکومت کا مؤقف درست معلوم ہو رہا ہے ۔ خود پنجاب صوبے کو بھی اپنی ضرورت سے کم پانی مل رہا ہے تو یہ اس میں مزید کمی کر کے اوراپنی پہلے سے زرخیز زمینوں کو بنجرکر کے چولستان کی بنجر زمینوں کا زرخیز بنانا کون سی عقلمندی ہے۔ حکومت بات چیت کی ذریعے بھی یہ ثابت نہیں کرسکتی تھی کہ صوبے پنجاب میں اس وقت وافر مقدار میں پانی موجود ہے اور وہ اپنا اضافی پانی چولستان کو دے رہی ہے۔ لہذا ایک ماہ کی گرما گرم بحث اور بیانات کے بعد بلآخر وفاقی حکومت ہی کو سرینڈر کرنا پڑا۔ اگر ایسا نہ کیا جاتا تو پاکستان پیپلزپارٹی اپنی حمایت واپس لے لیتی تو وفاقی حکومت دھڑام سے زمین بوس ہوجاتی اور یہ ملک ایک بھی انتشار اور غیریقینی کاشکار ہوجاتا۔ معاشی بحران سے نکل جانے کی ساری اُمیدیں بھی خاک میں مل جاتیں۔

سمجھ داری کا تقاضا بھی یہی تھا کہ حکومت یہ منصوبہ فوری طور پرترک کردے۔ حکومت نے اب 2 مئی 2025 کو مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرلیا ہے اوراس طرح اس منصوبے کو ترک کرنے کے لیے قانونی جواز پیدا کرلیا ہے ۔ بلاول بھٹو ابھی سے اس اجلاس کی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنے عوام کو نوید سنا رہے ہیں کہ فیصلہ کیا ہوگا۔ اس اجلاس میں اس منصوبے کے خلاف فیصلہ نوشتہ دیوار ہے۔ صرف کاغذی کارروائی کرنا باقی ہے ۔ حکومت کو چاہیے ایسی غلطیاں کرنے سے پہلے غوروفکر کرلیاکرے ۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: کی حکومت ہیں کہ کے لیے

پڑھیں:

نہروں کا تنازع؛ چشمہ رائٹ بینک کینال سیاست کی نذر نہ ہو، ترجمان پختونخوا حکومت کا انتباہ

پشاور:

ترجمان پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے نہری منصوبوں کا تنازع کم ہونے کی تعریف کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبہ سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔

اپنے بیان میں انہوں نے نہری منصوبوں پر سیاست کرنے سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے صوبوں کے مفادات کا خاص خیال رکھا جائے۔ شکر ہے نہروں کے معاملے پر دو بڑی سیاسی جماعتوں کی نورا کشتی فی الحال ختم ہو گئی ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں خیبر پختونخوا کے چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال منصوبے کو دیگر نئے نہری منصوبوں سے نتھی نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چشمہ رائٹ بینک کینال (لفٹ کم گریویٹی منصوبہ) کو 1991 میں مشترکہ مفادات کونسل نے باضابطہ منظوری دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کی روشنی میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں نہریں نکالی گئیں، تاہم خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں تاحال اس منصوبے پر کوئی عملدرآمد نہیں ہو سکا۔

بیرسٹر سیف نے بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے اس منصوبے کے لیے 35 فیصد فنڈنگ کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔ چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کو کسی نئے تنازع کا حصہ بنانے کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خیبر پختونخوا کے ساتھ زیادتی کی اور اسے محرومی کا شکار بنایا۔ یہ منصوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کی لاکھوں ایکڑ بنجر زمین کو زرخیز ار آباد بنا سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • مشترکہ مفادات کونسل میں کینال کا مسئلہ حل نہ ہوا تو حکومت سے الگ ہوجائیں گے، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ
  • اگر سی سی آئی اجلاس میں کینال والا مسئلہ حل نہ ہوا تو ہم حکومت سے علیحدہ ہوجائیں گے،ناصر شاہ
  • پاناما اور سویز کینال سے امریکی جہازوں کو مفت سفر کی اجازت ہونی چاہیے، ٹرمپ
  • پاناما اور سویز کینال سے امریکی جہازوں کو مفت سفر کی اجازت ہونی چاہیئے، ڈونلڈ ٹرمپ
  • کینال منسوخی تحریری نوٹیفکیشن ملنے تک وکلا دھرنا جاری رکھنے کا اعلان
  • نہروں کا تنازع، چشمہ رائٹ بینک کینال سیاست کی نذر نہ ہو، پختونخوا حکومت
  • وزیراعظم کا کینال منصوبہ ختم کرنے کا اعلان
  • نہروں کا تنازع؛ چشمہ رائٹ بینک کینال سیاست کی نذر نہ ہو، ترجمان پختونخوا حکومت کا انتباہ
  • کے پی حکومت کا سولرائزیشن منصوبہ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ