کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے دو بچوں سمیت چار افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
کراچی:
بلدیہ ٹاؤن پاور ہاؤس کے علاقے میں عالمگیر ویلفیئر کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں دو بچوں سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایدھی ویلفیئر کے مطابق مطابق زخمیوں کی شناخت 30 سالہ عباد حسین ولد مرزہ خان، 35 سالہ صدام، 7 سالہ درناز دختر صدام، اور 5 سالہ اویس ولد صدام کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایس ایچ او سعید آباد ادریس بنگش کے مطابق متاثرہ افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے جب اچانک ایک تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ جائے حادثہ سے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
حادثہ کے بعد گاڑی ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے نامعلوم گاڑی اور ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: بھینس کالونی میں ٹرک کی ٹکر سے دو موٹرسائیکل سوار جاں بحق، ایک زخمی، ڈرائیور گرفتار
کراچی:بھینس کالونی میں ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار دو نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سکھن کے علاقے بھینس کالونی روڈ نمبر 10 نورانی ہوٹل کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ منیب اور 20 سالہ شایان کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 24 سالہ داؤد خان ولد سمیع اللہ خان کے نام سے کی گئی۔
پولیس نے شہریوں کی مدد سے حادثے کے ذمے دار ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹرک کو قبضے میں لے لیا۔