حریت ترجمان نے خبردار کیا کہ 1947ء کے بعد سے، بھارت نے مسلسل علاقائی امن کو نقصان پہنچایا ہے اور بھارت خطے میں قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ رہا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کی موجودہ کشیدہ صورتحال کی بڑی وجہ حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر ہے اور بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز اور پاکستان کے خلاف جارحانہ بیان بازی سے خطے کی پہلے سے غیر مستحکم صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حریت ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مودی حکومت کے جنگی جنون نے جنوبی ایشیا کو ایک بار پھر بڑی تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ 1947ء کے بعد سے، بھارت نے مسلسل علاقائی امن کو نقصان پہنچایا ہے اور بھارت خطے میں قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے علاقائی امن کو لاحق خطرات کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔ بھارت کئی دہائیوں سے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔

عبدالرشید منہاس نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی امن کے لیے مسلسل کوششوں کی حمایت کی ہے اور جنوبی ایشیائی خطے کو غیر مستحکم کرنے کے بھارت کے کردار کے بارے میں دنیا کو بارہا خبردار کیا ہے اور عالمی برادری پر واضح کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل پر ہے۔ حریت ترجمان نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ مودی کے جنگی جنون کو روکیں اس سے پہلے کہ کوئی غلط اقدام وسیع تر تنازعہ کو جنم دے کیونکہ مودی کی زیرقیادت بھارت کی علاقائی بالادستی کی کوششیں اور جنگی جنون سے علاقائی امن و استحکام کو بڑا خطرہ لاحق ہے۔

ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کی سفاکانہ مہم تیزی سے جاری ہے۔ بھارتی قاببض فورسز نے سرینگر میں جموں و کشمیر ینگ مینز لیگ کے صوبائی صدر اور پارٹی ترجمان شیخ معراج اور جاوید احمد چھانگا کی رہائش گاہوں پر چھاپہ مارا۔قابض اہلکاروں نے وہاں توڑ پھوڑ کی اور لوگوں کو ہراساں کیا۔

.

ذریعہ: Islam Times

کلیدی لفظ: علاقائی امن جنوبی ایشیا جنگی جنون ہے اور

پڑھیں:

بھارتی جنگی جنون ، خطے کا امن خطرے میں

پاکستان اور بھارت میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی کے لیے امریکی حکومت سرگرم ہوگئی ہے، امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو فون کیا، پھر بھارت کے وزیر خارجہ جے شنکر سے رابطہ کیا۔ بھارت کے بڑھتے ہوئے اشتعال انگیز رویے کو انتہائی مایوس کن اور تشویش ناک قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا اور حقائق سامنے لانے کے لیے شفاف، قابل اعتماد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

 اس حقیقت سے انکار تو ممکن ہی نہیں کہ دو ایٹمی ممالک ایک دوسرے کے خلاف جنگ کے میدان میں اتریں گے تو ان دونوں ممالک کا مقدر ہی انسانی اور جنگلی حیات سمیت مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹنا نہیں بنے گا بلکہ یہ جنگ پورے کرہ ارض کی تباہی پر منتج ہوسکتی ہے کیونکہ دنیا کے ہر کونے پر آج ایٹم بم کی شکل میں قیامت توڑنے کے اسباب موجود ہیں جو انسانی ذہنِ رسا کے اپنے پیدا کردہ ہیں۔

بھارت کی ہندو انتہا پسند مودی سرکار نے پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کے لیے اب تک پورا زور لگا لیا ہے اور اس وقت بھی پورے بھارت میں جنگی جنونیت کی فضا طاری ہے۔ مودی سرکار نے پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا عندیہ دے کر بھارتی افواج کو فری ہینڈ بھی دے دیا ہے۔ جنوبی ایشیائی خطے سے متعلق بھارتی مقاصد کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ علاقائی خود ساختہ کردار کی وجہ سے بین الریاستی تعلقات کی اخلاقی اور قانونی رکاوٹوں سے آزاد، بھارت بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنے میں اخلاقی کمزوری کا مظاہرہ کررہا ہے۔

 مقبوضہ کشمیر کو بھارت نے 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ذریعے چھین لیا تھا۔ اس حکمت عملی کے پیچھے بھارت کے مقاصد میں غیر قانونی طور پر الحاق شدہ علاقے پر اپنی کمزور گرفت کو مضبوط کرنا، جائیداد کی ملکیت کو تبدیل کرنا اور ریاستی آبادی تبدیل کرنا شامل ہے۔ پہلگام حملے کے بعد بھارتی حکام نے کشمیریوں کی متعدد املاک کو مسمار کرنا شروع کر دیا ہے۔ بھارت ٹی ٹی پی اور بی ایل اے جیسے پراکسی گروپوں کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ تیسرا مقصد پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں رکاوٹ ڈالنا ہے، یہ کام بھارت نے چین پر قابو پانے کی وسیع تر حکمت عملی کے طور پر کیا ہے۔

 بھارت کے جنگی جنون نے خطے میں ایک غیر یقینی صورتحال کو جنم دیا ہے۔ اس سے نہ صرف خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ تیز ہوئی ہے بلکہ اقتصادی ترقی اور باہمی تعاون کے مواقع بھی متاثر ہوئے ہیں۔ انڈیا کے اندر اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں کے خلاف بڑھتا ہوا تشدد ایک انسانی المیہ ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں جیسے کہ ہیومن رائٹس واچ نے اپنی رپورٹس میں بتایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت مذہبی اقلیتوں کے خلاف منظم امتیازی سلوک اور تشدد کو فروغ دے رہی ہے۔ انڈیا کی جانب سے کینیڈا، برطانیہ اور دیگر ممالک میں سکھ رہنماؤں اور دیگر شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کے الزامات نے عالمی سطح پر اس کی ساکھ کو مزید مجروح کیا ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی ایک خطرناک مثال قائم کرتے ہیں۔

اس سے عالمی برادری میں انڈیا کے خلاف عدم اعتماد بڑھ رہا ہے۔ بھارت کے ان اقدامات کے نتیجے میں خطے میں کئی منفی رجحانات جنم لے رہے ہیں۔ سب سے پہلے، ہتھیاروں کی دوڑ اور فوجی کشیدگی نے خطے کے ممالک کو اپنی دفاعی صلاحیتوں پر بھاری اخراجات اٹھانے پر مجبور کیا ہے، جس سے غربت اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل مزید گمبھیر ہو رہے ہیں۔ دوسرا، مذہبی منافرت اور اقلیتوں کے خلاف تشدد نے خطے کی سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچایا ہے، جو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے فروغ کا باعث بن سکتا ہے۔ تیسرا، عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی اور ٹارگٹ کلنگز جیسے اقدامات نے خطے کو عالمی تنہائی اور عدم استحکام کی طرف دھکیل دیا ہے۔

موجودہ جنگی جنون کو سامنے رکھتے ہوئے سوال یہ ہے کہ کیا بھارت کے پاس ہائی مورال رکھنے والی اعلیٰ عسکری تربیت یافتہ فورس کی اتنی تعداد ہے، جس کے بھروسے پر وہ اتنا بڑا رسک لے سکے۔ کیونکہ کسی بھی ملک کے خلاف فوج کشی کا مطلب کھلی جنگ ہے، جب کہ زمینی حقائق یہ ہے کہ بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو کچلنے کے لیے 8 لاکھ فوجی و افسران موجود ہیں۔ اسی طرح بھارت کی مختلف ریاستوں میں آزادی کی جومسلح تحریکیں چل رہی ہیں، بغاوتیں و شورشیں برپا ہیں۔

ان کو بھی کچلنے کے لیے 4 لاکھ کے قریب سیکیورٹی اہلکار موجود ہیں، یہ تعداد تقریبا 12 لاکھ تک پہنچ جاتی ہے، اگر بھارت، پاکستان کے خلاف کھلی جنگ کا آپشن رکھتا ہے، تو اس کو متعلقہ علاقوں سے 12 لاکھ فوجیوں کو ہٹانا پڑے گا۔ نہ صرف فوجیوں کو بلکہ ضروریات زندگی کی ہر چیز سمیت ہلکے بھاری ہتھیاروں، گولہ بارود کو بھی پاکستانی سرحدوں تک پہنچانا پڑے گا۔ جب کسی بھی ملک کی 70 فی صد فورسز آزادی کی تحریکوں، شورشوں و بغاوتوں کو کچلنے میں مصروف ہوں۔ تب ایسے مواقع پر کوئی بھی ملک فوج کشی جیسا احمقانہ قدم اٹھا کر فاش غلطی کا ارتکاب ہر گز نہیں کرتا، جو اس کی تقسیم کا باعث بن جائے۔ بھارت کا یہی وہ بنیادی اسٹرٹیجک کمزور پہلو ہے۔ جن کا اکھنڈ بھارت کے انتہا پسند نیتاؤں، مذہبی پنڈتوں و فوجی قیادتوں کو بہت اچھی طرح ادراک ہے کہ پاکستان کے ساتھ ایک کھلی جنگ کا مطلب بھارت کی تقسیم نوشتہ دیوار ہے۔

کسی بھی سرجیکل اسٹرائیک کے لیے فیصلہ کن ہتھیار پرعزم، نڈر ایئر فورس قیادت کی موجودگی اولین شرط ہے۔ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی گرفتاری، رہائی اور ایک جنگی طیارے کے نقصان کے بعد بھارتی فضائیہ فی الحال کسی بھی سرجیکل اسٹرائیک کے موڈ میں دکھائی نہیں دے رہی، کیونکہ وہ جانتی ہے کہ اس کا کیا انجام ہونا ہے؟ بھارتی آبی جارحیت کے بعد صاف محسوس ہو رہا ہے کہ اگر اس دفعہ پائلٹ پکڑا گیا تو نہیں چھوڑا جائے گا۔ یہ الگ بات ہے کہ بھارت پڑوسی ممالک کی مدد سے پاکستان میں دہشت گردیوں، تخریب کاریوں کا طویل سلسلہ شروع کر دے۔ سیاسی شدت پسندی، لسانی و فرقہ وارانہ شورشوں کو پروموٹ کرنا شروع کر دے، جس کے امکانات ہیں۔ جو فوج کشی کی بہ نسبت ازلی دشمن کے لیے آسان بھی ہے۔

 بی جے پی کے حامی بھارتی میڈیا کی جانب سے چلائی جانے والی نفرت انگیز مہم سے ہٹ کر یہ دیکھنا پڑے گا کہ وہاں کے عوام، سول سوسائٹی اور اپوزیشن سیاسی جماعتوں کی قیادت کیا سوچ رہے ہیں؟ تقسیم ہند سے لے کر اب تک بھارتی عوام کی سوچ میں پہلی بار حیران کن تبدیلی آئی ہے۔ بھارتی عوام کی اکثریت نے مودی سرکار کے اس بیانیے کو سختی سے رد کر دیا ہے کہ پہلگام حملے میں پاکستان ملوث ہے۔

دوسرا اس سے بھی زیادہ حیران کن امر واقع یہ ہوا کہ وہاں پر جو معتدل ہندو، کرسچن کمیونٹی، مسلمان، سکھ اور دلت شامل ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ مودی سرکار اس حملے کو جواز بنا کر کسی اور کی جنگ لڑنا چاہ رہی ہے۔ ہم اس جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔ بھارت کی اپوزیشن بھی جنگ کے حق میں نہیں ہے البتہ مودی و اسرائیلی حمایت یافتہ میڈیا جنگی ماحول بنانے کے لیے تمام ذرائع استعمال کر رہا ہے، لیکن یہ صرف ایک کھوکھلا ماحول ہے، حقائق نہیں ہیں۔ بھارتی عوام اور سول سوسائٹی کی سوچ کی اس حیران کن تبدیلی نے مودی اور اس کے نظریاتی اتحادیوں کے سارے منصوبوں کی قلعی کھول دی ہے۔

انڈیا کے جنگی جنون، عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی، اقلیتوں پر مظالم، ٹارگٹ کلنگز اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ خراب تعلقات نے خطے کو ایک خطرناک موڑ پر لا کھڑا کیا ہے۔ اگر انڈیا نے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی اور سفارتی مذاکرات کے ذریعے خطے میں اعتماد بحال نہ کیا، تو جنوبی ایشیا عدم استحکام، معاشی زوال اور سماجی انتشار کا شکار ہو سکتا ہے۔پاکستان کا رویہ ہمیشہ ذمے دار، صبر اور تحمل پر مبنی رہا ہے جب کہ بھارت کی طرف سے جارحیت اور الزام تراشی کا سلسلہ بڑھ رہا ہے پاکستان نے عالمی سطح پر اپنے موقف کو واضح کیا ہے اور امن کے قیام کے لیے اپنی خواہش کا بار بار اظہار کر رہا ہے لیکن بھارت کی طرف سے ہٹ دھرمی اور بے بنیاد الزامات خطے میں مزید کشیدگی کا سبب بن رہے ہیں اس صورت حال میں ضروری ہے کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ اپنے غیر ذمے دارانہ رویے کو ترک کرے اور خطے میں دیرپا امن کے لیے پاکستان کے ساتھ بات چیت کرے۔

متعلقہ مضامین

  • دریائے سندھ پر جنوبی ایشیا کا سب سے طویل پُل زیرِ تعمیر
  • جنوبی ایشیا میں امن کےلئے پاکستان اور بھارت ذمہ داری کا مظاہرہ کریں،امریکا
  • بھارتی جنگی جنون ، خطے کا امن خطرے میں
  • مودی کا جنگی جنون؛ پاکستان کیخلاف ناپاک سازشیں، بھارتی جریدے کے خوفناک انکشافات
  • فلسطین کا دو ریاستی حل مکمل تباہی کے دہانے پر ہے، یو این سیکرٹری جنرل
  • بھارت جنگی جنون میں پاگل ہوگیا،سرحد سے متصل کئی دیہات خالی کروالئے
  • پہلگام فالز فلیگ کے بعد بھارت پر جنگی جنون سوار، سرحدی علاقے خالی کروا لئے
  • مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں ہندوؤں کو ہتھیار پہنچا دئیے
  • پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارت پر جنگی جنون سوار؛ سرحدی علاقے خالی کروا لیے