سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 5 خوارج ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 4th, May 2025 GMT
سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 الگ الگ کارروائیوں کے دوران 5 خوارج کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 30 اپریل اور یکم مئی کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی 3 الگ الگ کارروائیوں کے دوران 5 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ بیان کے مطابق آپریشن میں 2 خوارج کو گرفتار کر لیا گیا، باجوڑ ضلع میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، کارروائی کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 خوارج مارے گئے، خوارج میں ایک اعلیٰ قدر کا ہدف خارجی فرید اللہ بھی شامل تھا۔ اس میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں بھی ایک اور خفیہ آپریشن کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تیسری کارروائی مہمند ضلع میں کی گئی، سیکیورٹی فورسز نے ایک خارجی ٹھکانے پر کامیاب چھاپہ مارا اور 2 خوارج کو گرفتار کر لیا، جن میں ایک ہائی لیول خارجی لال امیر عرف ابراہیم شامل ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ان کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، مارے گئے اور گرفتار خوارج مختلف دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ خوارج کو بھی ختم کیا جا سکے، پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ملک کو اس ناسور سے مکمل نجات دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز کے دوران خوارج کو پاک فوج
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔