پہلگام حملہ فالس فلیگ قرار، الجزیرہ کی تہلکہ خیز رپورٹ نے بی جے پی کی پالیسیوں کا پول کھول دیا
اشاعت کی تاریخ: 4th, May 2025 GMT
دوحہ (نیوز ڈیسک) بین الاقوامی نشریاتی ادارے الجزیرہ کی ایک چشم کشا رپورٹ میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں حالیہ پہلگام حملے کو “فالس فلیگ آپریشن” قرار دیتے ہوئے بی جے پی حکومت کی کشمیر پالیسی پر شدید تنقید کی گئی ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ حملہ بی جے پی کے سیاسی مفادات کے لیے ایک “ڈرامہ” تھا، جس کا مقصد انتہاپسند قوم پرستی کو فروغ دینا اور کشمیریوں کو مزید دباؤ میں لانا تھا۔
الجزیرہ نے رپورٹ میں کہا ہے کہ بی جے پی کی کشمیر سے متعلق حکمت عملی آمریت پر مبنی ہے، جس کے تحت گودی میڈیا کے ذریعے شدت پسند بیانیہ عوام تک پہنچایا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 1500 سے زائد کشمیریوں کو بغیر کسی ثبوت کے حراست میں لیا گیا، جبکہ ہزاروں مکانات کو تحقیقات کے بغیر مسمار کیا گیا۔
مزید کہا گیا کہ ظلم و جبر سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو رہا بلکہ بحران مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ بی جے پی کا آبادیاتی ایجنڈا کشمیریوں کی شناخت اور وجود کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ رپورٹ میں انٹیلیجنس کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور جنگی جنون کو ہوا دینے کے حکومتی اقدامات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
الجزیرہ کا کہنا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، میڈیا پر سنسرشپ عائد ہے، اور زمینی حقائق کو چھپانے کی منظم کوششیں جاری ہیں۔ سیکیورٹی کے نئے اقدامات کشمیری عوام کو خوفزدہ کرنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں جبکہ سیاسی مخالفین اور کارکنوں کو نشانہ بنانا معمول بن چکا ہے۔
رپورٹ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔
مزیدپڑھیں:پاکستانی لڑکی سے شادی کرنے والا بھارتی فوجی نوکری سے فارغ
ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
مودی نے پہلگام فالس فلیگ کا ڈراما بِہار الیکشن کیلیے رچایا؛ بھارتی میڈیا کی شہ سرخیاں
پہلگام فالس فلیگ کے فوراً بعد مودی کی بہار الیکشن کے لیے اچانک سرگرمیاں بھارتی میڈیا کی شہ سرخیوں میں شامل ہو گئیں، جس سے مودی سرکار کا پورا ڈراما بے نقاب ہوگیا۔
بہار انتخابات جیتنے کے لیے مودی کا پہلگام ڈراما بے نقاب ہو چکا ہے۔ ہندو انتہا پسند سیاسی جماعت بی جے پی کے کٹھ پتلی وزیراعظم نریندر مودی نے بہارانتخابات جیتنے کے لیے پہلگام فالس فلیگ کا ڈراما رچایا، جسے خود بھارتی ذرائع ابلاغ پر بھی بہار انتخابات ہی سے جوڑا جا رہا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس، آر جے ڈی نے مودی کے بہار دورے پر تنقید کی ہے۔ اسی طرح اے این آئی نے رپورٹ کیا ہے کہ آر جے ڈی نے پٹنہ میں مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کیخلاف بینرز لگا دیے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق آر جے ڈی نے مودی کی جانب سے بہار میں پہلگام حملے کے بعد ریلی پر شدید تنقید کی ہے۔ دریں اثنا سینئر بھارتی صحافی نے سوال اٹھایا ہے کہ پہلگام واقعے کے 45 گھنٹے کے بعد آپ ووٹ مانگنے پہنچ گئے۔
این اے آئی کے مطابق پوری قوم پہلگام واقعے کے غم میں مبتلا ہے اور مودی بہار انتخابات میں مصروف ہیں۔
اسی طرح سوشل میڈیا پر بھی مودی کی سیاسی سرگرمیاں زیر گردش ہیں، جن میں کہا جا رہا ہے کہ راہول گاندھی پہلگام میں متاثرہ خاندانوں سے ملیں گے جب کہ مودی انتخابات میں مصروف ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت میں یہ رائے زور پکڑتی جا رہی ہے کہ مودی کا پہلگام ڈراما بہار انتخابات جیتنے کے لیے تھا۔ مودی کے بیانات اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ وہ پہلگام حملے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال کر رہا ہے اور شواہد سے یہ ثابت ہو چکا کہ پہلگام حملہ پہلے سے طے شدہ تھا۔