کراچی، ہیوی ٹریفک سے اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، ڈمپر کی ٹکر سے بچی جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 5th, May 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں ہیوی ٹریفک سے اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، تازہ ترین واقعہ میں ڈمپر کی ٹکر سے ایک بچی جاں بحق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق شیر شاہ گل گئی پل کے نیچے گزشتہ روز ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں 10 سالہ بچی جاں بحق جبکہ اس کے والدین شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، حادثہ ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے کے نتیجے میں پیش آیا، جس کے بعد زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی: ٹریفک حادثے میں راہگیر خاتون جاں بحق
جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت 10 سالہ سمامہ کے نام سے کی گئی ہے، جبکہ اس کے والد 35 سالہ رضوان اور والدہ 30 سالہ لارین زخمی ہو گئے ہیں۔ دونوں کو شدید چوٹیں آئیں اور ان کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
مشتعل افراد نے اس حادثے کے بعد ڈمپر کو نذر آتش کر دیا، جس کے باعث علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی۔ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا اور بچی کی لاش سمیت زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پنڈی سے کراچی آنے والی ٹرین کو حادثہ، 46 مسافر زخمی
راولپنڈی سے کراچی آنے والے ٹرین پاکستان ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں 46 مسافر زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان ایکسپریس کو کالا شاہ کاکو کے مقام پر نالہ ڈیک کے قریب حادثہ پیش آیا اور متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں اور مسافروں نے زخمیوں کو ریسکیو کر کے بوگیوں سے باہر نکالا۔
وزیر ریلوے نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور وجوہات جاننے کیلیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی جس کو 7 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کالا شاہ کاکو اور مریدکے کے درمیان ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جلد از جلد مسافروں کی امداد کے لیے کارروائیوں کا آغاز کرنے کی ہدایت کردی۔