پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی پروازوں کے نقصان میں مسلسل اضافہ
اشاعت کی تاریخ: 6th, May 2025 GMT
کراچی: بھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے 13ویں روز تک 1350 بھارتی پروازیں شدید متاثر ہوئی ہیں اور بھارتی ایئر لائنز کو 275 کروڑ بھارتی روپے کا نقصان پہنچا ہے۔
پاک بھارت کشیدہ صورت حال پر بھارتی پروازوں کی بندش کو 13 روز مکمل ہوگئے ہیں اور بھارتی ایئرلائنز کو گزشتہ 12 روز میں 275 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے۔
بھارت کی ایئرلائنز ایئرانڈیا، آکاساایئر، اسپائس جیٹ، انڈیگو ایئر، ایئرانڈیا ایکسپریس کی پروازیں متاثر ہو رہی ہیں اور پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی طیاروں کو آدھے بھارت سے ہو کر بحیرہ عرب سے جانا پڑ رہا ہے۔
طویل روٹس سے گزرنے پر بھارتی ایئرلائنز کو فیول اور دیگر آپریشنل اخراجات دگنے ہونے پر مالی نقصان کا سلسلہ بدستور جاری ہے، پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے سے انڈیگوائیر کی تاشقند اور الماتی کے لیے پروازیں تاحال بند ہیں۔
اسی طرح امرتسر، دہلی، ممبئی، احمد آباد اور بنگلور سمیت دیگر شہروں سے جانے والی بھارت کی تمام ائیرلائنز کو یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
بھارت سے امریکا، یورپ اور برطانیہ کی بھارتی ایئرلائنز کی پروازوں کو ڈائیورٹ کرنے سے دگنے اخراجات کا سامنا ہے، امریکاجانے والی بھارتی پروازوں کے عملے کو یورپ میں تبدیل کرنا پڑ رہا ہے، متعدد لینڈنگ اور ری فیولنگ سے بھارتی ائیرلائنز کو ائیرپورٹ چارجز کی مد میں بھی یومیہ کروڑوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دوسری طرف پروازوں کی منسوخی سے بھارتی مسافروں کو تاحال اپنی ہی ایئرلائنز سے ریفنڈ نہیں مل سکے، دہلی، ممبئی، امرتسر اور احمد آباد سے امریکا، برطانیہ اور یورپ کی پروازوں کا دورانیہ 4 سے 10 گھنٹے سے زائد ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
طوفان فلورس نے برطانیہ کو ہلا کر رکھ دیا: پروازیں، ٹرینیں، فیسٹیول سب بند
لندن: طوفان "فلورس" کے باعث برطانیہ اور آئرلینڈ میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث متعدد پروازیں، ٹرینیں اور کشتیاں منسوخ جبکہ تفریحی تقریبات ملتوی کر دی گئی ہیں۔
اسکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، شمالی انگلینڈ اور یارکشائر میں تیز ہواؤں کا الرٹ جاری ہے۔ یارکشائر کے کئی تفریحی مقامات بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ درخت گرنے اور سڑکوں پر رکاوٹوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
برطانیہ کے مختلف حصوں میں ایمبر اور یلو وارننگز جاری کر دی گئی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ میں صبح 10 بجے سے ایمبر وارننگ نافذ ہے جبکہ شمالی انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں صبح 6 بجے سے یلو وارننگ جاری کی گئی۔
نیو کیسل کے شمال میں ریلوے سروسز بند کر دی گئی ہیں، پریسٹن کے شمال میں ریلوے مسافروں کو سفر نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ گلاسگو سے اسکاٹش جزیروں کی جانب تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ایڈنبرا میں واقع پرنسز اسٹریٹ گارڈنز بند کر دیے گئے جبکہ نارتھ بیروک میں ہونے والا "فرنج بائے دی سی" فیسٹیول بھی ملتوی کر دیا گیا۔ ڈرائیوروں کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔