حکومت بھارتی جارحیت پر کل جماعتی کانفرنس بلائے:حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 7th, May 2025 GMT
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت بھارتی جارحیت پر کل جماعتی کانفرنس بلائے، بصورت دیگر جماعت اسلامی قوم کومتحد کرنے کے لیے پہل کرتے ہوئے تمام اقدامات اٹھائے گی۔ بلاول بھٹو زرداری امریکہ کے چکر لگا رہے ہیں، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی امریکہ کی مذمت سے کتراتے ہیں، واشنگٹن کی آشیر آباد کے لیے ان میں مقابلہ جاری ہے۔منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ آرہا ہے، حکومت نے صدارتی آرڈیننس سے وزراء کی تنخواہوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیا۔ تنخواہ داروں، چھوٹے کسانوں اور عام آدمی کا خون نچوڑ کر مراعات یافتہ طبقہ کو نوازا جا رہا ہے، معاشی اشاریوں میں بہتری کے تمام حکومتی دعووں کے باوجود عوام کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ انہوں نے چھوٹے کسان کو ریلیف دینے اور بجٹ میں ایک لاکھ بیس ہزار تک تنخواہ کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا بلوچستان کی محرومیوں کو دور کیا جائے، لاپتہ افراد کے مسئلہ پر کمیشن بنا کر تفصیلات سامنے لائی جائیں، بے گناہ افراد کو رہا کیا جائے اور اگر کسی نے جرم کیا ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے۔ حکومت چھوٹے کسانوں کو ریلیف دے، انہیں قرضہ دینے کی بجائے زرعی مداخل کی قیمتیں کم کی جائیں، جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے، بجلی کی قیمتوں کو لاگت کے مطابق کیا جائے۔ سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، امیر لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ساجد ناموس بھی اس موقع پر موجود تھے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کیا جائے
پڑھیں:
تحریک تحفظ آئین کی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت، آل پارٹیز کانفرنس موخر کرنے کا اعلان
اسلام آباد:تحریک تحفظ آئین پاکستان نے وطن عزیز پر بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق تحریک تحفظ آئین کے رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں موجودہ ملکی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور پاک سر زمین پر بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین نے فیصلہ کیا ہے کہ ملکی یکجہتی کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کو موخر کیا جائے۔ اس کی آئندہ تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تحریک تحفظ آئین نے رات کی تاریکی میں بمباری کو انتہائی بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے حملے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
تحریک تحفظ آئین کے رہنماؤں نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد پاکستان ہے، ملک کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو نکال دیں گے، مادر وطن کے لیے ہماری جانیں بھی قربان ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہم نے سب اختلافات پس پشت ڈال کر پارلیمنٹ میں قومی یکجہتی کیلئے قرارداد منظور کروائی۔ پاکستان تحریک انصاف سمیت سب جماعتوں نے پیغام دیا کہ ملک کے لیے ہم سب ایک ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایک ایسے وقت میں جب دشمن ہم پر حملہ کر رہا ہے ملک میں مسلط ایک جعلی حکومت اپوزیشن کو دیوار میں چنوا رہی ہے۔ حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کو منسوخ کروا دیا۔ پارلیمان میں اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے مکمل سنسر شپ ہے۔ حکومت اپنی اخلاقی قدریں کھو چکی ہے۔
اعلامیہ میں اڈیالہ جیل کے باہر بانی چیئرمین کی ہمشیرہ اور ارکان پارلیمان کے ساتھ سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی گئی اور کہا گیا کہ حکومت اگر ملک میں جاری مسائل کا سنجیدگی سے حل چاہتی ہے تو ملک کے سب سے مقبول لیڈر پر قائم جعلی مقدمات ختم کرے اور ان کو رہا کرے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ نواز شریف اور وزیراعظم سمیت کسی حکومتی رکن نے مودی کے بارے میں بات تک نہیں کی۔ مودی کو جواب دینے کی جرت ایک بہادر اور دلیر لیڈر کرسکتا ہے۔