بلوچستان: خضدار میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، لیویز کے 4 جوان شہید
اشاعت کی تاریخ: 17th, May 2025 GMT
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے صمند میں چیک پوسٹ پر مسلح دہشتگردوں نے حملہ کرکے لیویز فورس کے 4 جوانوں کو شہید کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق شہید لیویز اہلکاروں میں مقبول، خدا بخش، اعجاز احمد اور محمد علی شامل ہیں، ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال نے بتایا کہ لیویز فورس کے بہادر جوانوں نے پوری جرات کے ساتھ حملے کا مقابلہ کیا، فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد لیویز فورس نے پورے علاقےکو گھیرے میں لےلیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں حوصلے پست نہیں کرسکتیں، مسلح ملزمان کی فائرنگ سے لیویز کے 4 جوانوں کی شہادت قومی سانحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہدا نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر بہادری کی مثال قائم کی۔
شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان حکومت شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ریاستی رٹ پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
Post Views: 2.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
برکینا فاسو؛ فوجی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، 60 افراد ہلاک
BURKINA FASO:افریقی ملک برکینا فاسو کے شمالی صوبے لوروم میں قائم ایک فوجی چیک پوسٹ پر حملے میں 60 اہلکار ہلاک ہوگئے، جس کی ذمہ داری القاعدہ سے منسلک گروپ نے قبول کرلی ہے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق برکینا فاسو کے انٹیلیجینس گروپ نے بتایا کہ صوبہ لوروم میں ملٹری پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری القاعدہ سے منسلک گروپ جے این آئی ایم نے قبول کرلی ہے۔
خطے میں دہشت گردی کے واقعات پر نظر رکھنے والے امریکی ادارے نے بتایا کہ مذکورہ گروپ نے اس حوالے سے پیغامات پوسٹ کیے ہیں، جس میں وہ برکینا فاسو اور مالی میں ہونے والے واقعات کی ذمہ داری لے رہا ہے۔
برکینا فاسو کی حکومت کی جانب سے تازہ حملوں پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دہشت گرد گروپ نے ایک ویڈیو پیغام میں شمالی برکینا فاسو کے علاقے ڈی جیبو کے شہریوں کو اپنی حفاظت کے لیے علاقے چھوڑنے کو کہا جبکہ دیگر علاقوں میں بھی اسی گروپ کی جانب سے حملے کیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے بتایا تھا کہ ڈی جیبو میں ایک فوجی بیس پر اتوار کو صبح سویرے حملہ کیا گیا تھا، اس کے علاوہ ایک پولیس اسٹیشن اور مارکیٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔