تعلیم ہی وہ زینہ ہے جو قوموں کو ترقی کی طرف لے جاتا ہے، منعم ظفر خان
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
ٹی ایم سی ناظم آباد کے تحت تقریب سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں افواجِ پاکستان اور فضائیہ نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا، جس پر پوری قوم افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، اگر ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کا جذبہ زندہ رہے گا تو قوم ہمیشہ متحد رہے گی۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ”بنو قابل پروجیکٹ“ اور ”پڑھو پڑھاؤ تحریک“ کے ذریعے مسلسل کراچی کے بچوں اور نوجوانوں کو زیور ِ تعلیم سے آراستہ کر رہی ہے، ٹی ایم سی ناظم آباد کے تحت سرکاری اسکولوں کے 3 ہزار بچوں اور بچیوں میں مفت کورس اور بیگ کی تقسیم بھی اسی علم دوستی کے عزم کی ایک جھلک ہے، ناظم آباد ٹاؤن سمیت جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز نے تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنا کر واضح کر دیا ہے کہ ہمارے بچوں کا مستقبل ہمارے لیے سب سے اہم ہے، تعلیم ہی وہ زینہ ہے جو قوموں کو ترقی کی طرف لے جاتا ہے اور آنے والے بہترکل کا تعین کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ناظم آباد کے تحت ماہر القادری پارک میں سرکاری اسکولوں کے 3 ہزار بچوں و بچیوں میں مفت کورس اور بیگ کی تقسیم کے لیے منعقدہ ایک پُر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں افواجِ پاکستان اور فضائیہ نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا، جس پر پوری قوم افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، اگر ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کا جذبہ زندہ رہے گا تو قوم ہمیشہ متحد رہے گی اور بڑے سے بڑے دشمن کو شکست دی جا سکے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں میں دوبارہ اسکاؤٹنگ، این سی سی، فرسٹ ایڈ اور سول ڈیفنس جیسی تربیتی سرگرمیوں کو بحال کیا جائے تاکہ بچے صرف تعلیمی میدان ہی نہیں بلکہ عملی زندگی میں بھی مضبوط اور مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار اور مضبوط ہوں۔ تقریب کا اختتام قومی یکجہتی، تعلیمی بیداری اور اسلامی اقدار کے فروغ کے عزم کے ساتھ کیا گیا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی
پڑھیں:
جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمینوں نے کے الیکٹرک کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی:شہر قائد میں جاری بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی نے قانونی محاذ پر قدم بڑھا دیا، جماعت اسلامی کراچی کے 9 ٹاؤن چیئرمینوں نے کے الیکٹرک کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی ہے، جس میں وفاقی حکومت، کے الیکٹرک اور نیپرا کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کے الیکٹرک شہر کراچی کے بیشتر علاقوں میں غیر انسانی اور غیر قانونی طرز عمل اپناتے ہوئے بدترین لوڈشیڈنگ کر رہی ہے جو آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے، درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اس غیر قانونی اقدام کو آئین کے منافی قرار دیا جائے اور نیپرا کو کے الیکٹرک کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا جائے۔
آئینی درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت شہریوں کو بجلی کی مسلسل اور قابل بھروسہ فراہمی ریاست کی ذمے داری ہے جب کہ نیپرا اس شعبے کی نگرانی کرنے والی ریگولیٹری اتھارٹی ہے، کے الیکٹرک ایک نجی ادارہ ہے جسے بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کا لائسنس دیا گیا ہے لیکن یہ ادارہ اپنے لائسنس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریوں کو بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہے۔
درخواست گزاروں نے نشاندہی کی ہے کہ نیپرا خود اس بات کا اعتراف کر چکی ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ غیر قانونی ہے، نیپرا کے 2 اپریل 2024 کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نیپرا نے واضح طور پر کہا تھا کہ کے الیکٹرک کا یہ عمل کہ وہ لائن لاسز کے تناسب سے مخصوص علاقوں میں لوڈشیڈنگ کرے، قانون کے خلاف ہے کیونکہ اس سے وہ صارفین بھی متاثر ہوتے ہیں جو باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے، تسلسل کے ساتھ اور قابل بھروسہ نظام کے ذریعے بجلی فراہم کرے لیکن کمپنی نے اس بنیادی اصول کی خلاف ورزی کی ہے، کراچی میں اس وقت شدید گرمی کا موسم ہے اور بجلی کی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس غیر انسانی رویے کا نوٹس لے۔
درخواست گزاروں نے عدالت کو یہ بھی یاد دلایا ہے کہ سپریم کورٹ سمیت ملک کی اعلیٰ عدلیہ پہلے ہی قرار دے چکی ہے کہ بجلی کی مسلسل فراہمی عوام کا آئینی اور بنیادی حق ہے، جسے کسی صورت سلب نہیں کیا جا سکتا، کے الیکٹرک ان عدالتی فیصلوں، آئینی تقاضوں اور قانونی ضوابط کو یکسر نظر انداز کر رہی ہے۔
جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ وہ کراچی کے عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف ہر محاذ پر آواز بلند کرے گی، چاہے وہ سڑکوں پر احتجاج ہو یا عدالتوں میں قانونی جنگ ہو۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان کی جانب سے بھی اسی نوعیت کی ایک آئینی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی جا چکی ہے، جو اس وقت زیر سماعت ہے۔