راولپنڈی: محکمہ تعلیم کے دفتر سے 9600 سے زائد کتابیں چوری کرنے والے دو افراد گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 28th, May 2025 GMT
راولپنڈی:
تھانہ سٹی پولیس نے محکمہ تعلیم کے دفتر سے 9600 سے زائد کتابیں چوری کرنے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 9600 کتابیں برآمد کی گئیں جن کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔ یہ کتابیں حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری اسکولوں کے پرائمری طلبا و طالبات کے لیے پرنٹ کروائی گئی تھیں اور انہیں مختلف اسکولوں میں مفت فراہم کیا جانا تھا۔
چوری کی اطلاع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری اور چوری شدہ کتب کی فوری برآمدگی کا حکم دیا تھا۔
تھانہ سٹی پولیس نے ٹیکنیکل ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا بلکہ تمام چوری شدہ کتابیں بھی برآمد کر لیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا۔
ترجمان پولیس کے مطابق زیر حراست افراد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا تاکہ انہیں عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
فیصل آباد: شہریوں کے فنگر پرنٹ چوری کرکے بینک اکاؤنٹ کھلوانے والا گروہ گرفتار
فائل فوٹو
فیصل آباد میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کے فنگر پرنٹ چوری کرکے بینک اکاؤنٹس کھلوانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ گروہ کے 4 ارکان سرگودھا سے گرفتار کیے گئے، ملزمان سے درجنوں ڈیجیٹل نشان انگوٹھا، موبائل سمز، ڈیوائسز اور برانچ لیس اکاؤنٹس برآمد کیے گئے ہیں۔
ترجمان نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملزمان انگوٹھے کے نشانات حاصل کرکے موبائل سمز جاری کرواتے تھے، متاثرہ افراد اپنے انگوٹھے کے نشان کے استعمال ہوجانے سے مکمل لاعلم ہوتے تھے، تحقیقات میں سرکاری اداروں میں چھپی کالی بھیڑیں بھی بےنقاب ہونے کا امکان ہے۔
سلیکون کی بجائے اب ڈیجیٹل طور پر نشان انگوٹھا کا استعمال کیا جانے لگا ہے، گرفتار 4 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہے۔