لاہور: گھوڑا ریڑھی ریس پر چھاپے کے دوران پولیس پر ڈنڈوں سے حملہ
اشاعت کی تاریخ: 28th, May 2025 GMT
لاہور:
لاہور کے علاقے بابو صابو کے قریب گھوڑا ریڑھی ریس کے دوران جوا کھیلنے کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کی تاہم اس دوران ریڈنگ ٹیم کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران مقامی افراد نے ڈنڈوں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر کی وردی بھی پھٹ گئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جوا کھیلنے والے ملزم بالا اسلم کو گرفتار کر لیا، حملے میں ملوث توقیر بھٹی اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق توقیر بھٹی اپنے ساتھیوں سمیت ڈنڈوں سے حملہ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے موقع پر موجود گھوڑے، ریڑھیاں اور داؤ پر لگی ہزاروں روپے کی نقدی قبضے میں لے لی ہے۔
ایف آئی آر میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ گھوڑا ریڑھی دوڑ کے وقت سینکڑوں افراد تماشائی کے طور پر موجود تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور غیر قانونی ریس اور جوا کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سموگ‘ فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن‘ 27 مقدمات‘ متعدد گرفتار
لاہور (نامہ نگار) پنجاب پولیس کی سموگ، فضائی آلودگی کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے کارروائیاں جاری ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 27 مقدمات درج کر کے متعدد قانون شکن افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران 1792 افراد کو 46 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کئے گئے جبکہ 13 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ فصلوں کی باقیات جلانے کی 98، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 1374، صنعتی سرگرمیوں کی 5 اور اینٹوں کے بھٹوں کی 12 خلاف ورزیاں رپورٹ کی گئیں۔ رواں سال کے دوران لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2031 مقدمات درج اور 1837 قانون شکن گرفتار کئے گئے۔ 84 ہزار 778 افراد کو 21 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد جرمانے‘ جبکہ 16 ہزار سے زائد افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ فصلوں کی باقیات جلانے کی 742، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 57 ہزار 301، صنعتی سرگرمیوں کی 1689 اور اینٹوں کے بھٹوں کی 3265 خلاف ورزیاں رپورٹ کی گئیں۔