عازمین منٰی پہنچ گئے، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا ہو گا
اشاعت کی تاریخ: 5th, June 2025 GMT
مکہ مکرمہ:
حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج جمعرات کو ادا کیا جائے گا، ایک لاکھ 15 ہزار پاکستانیوں سمیت تمام عازمین منی پہنچ گئے، جہاں وہ پانچ نمازیں ظہر عصر مغرب عشاء اور فجر پڑھیں گے اور آج صبح میدان عرفات چلے جائیں گے جہاں مسجد نمری میں خطبہ حج سنیں گے ، نماز ظہر اور عصر اکٹھی ادا کریں گے۔
عصر اور مغرب کے درمیان وقوف عرفہ ہو گا جس میں حاجی اللہ رب العزت کے حضور گڑ گڑا کر دعائیں کریں گے ، سورج غرب ہونے کے ساتھ ہی گولہ چلے گا اور نماز مغرب ادا کئے بغیر حاجی مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں پر وہ مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔
رات کھلے آسمان تلے گزارنے کے بعد حاجی نما زفجر ادا کریں گے اور طلوع آفتاب کے ساتھ ہی منی میں اپنے خیموں کی طرف لوٹ جائیں گے۔
رمی جمرات کریں گے بڑے شیطان کو7 کنکریاں ماریں گے ، قربانی کریں گے، حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام کھول دیں گے اور عام لباس زیب تن کر لیں گے،11 ذوالحج کو حجاج کرام تینوں شیطانوں چھوٹے ،درمیانے اور بڑے شیطان کو 7،7 کنکریاں ماریں گے۔
مزید پڑھیں: لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ کی صداؤں کے ساتھ آج مناسک حج 1446ھ کا آغاز ہو گا
رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کیلئے خانہ کعبہ جائیں گے، 12 ذوالحج کو زوال آفتاب کے بعد پھر تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔
حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منی سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہو جائیں گے، اگر کوئی حاجی منٰی میں ایک اور دن رکنا چاہے تو وہ ، 13 ذوالحجہ کو تینوں شیطانوں کو کنکریاں مار کر مکہ اپنی قیام گاہ پہنچ جائیں گے۔
حج کا فریضہ مکمل ہوگیا، کچھ حاجی طواف الوداع کرکے اپنے وطن اور کچھ روضہ رسول ؐ پر حاضری کیلئے مدینہ منورہ چلے جائیں گے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جائیں گے کریں گے کے بعد
پڑھیں:
معاشی سرگرمیوں میں تیزی، کے الیکٹرک صنعتی صارفین کا بجلی استعمال ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا
کراچی: ملک میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے ساتھ کے الیکٹرک صنعتی صارفین کی جانب سے بجلی کے استعمال نے نئی بلند ترین سطح حاصل کر لی۔ مالی سال 2026 کے دوران کے الیکٹرک کے صنعتی فیڈرز پر بجلی کی مجموعی کھپت 6 ارب 8 کروڑ یونٹس (6.08 ارب یونٹس) ریکارڈ کی گئی، جو ادارے کی تاریخ میں کسی بھی مالی سال کے دوران سب سے زیادہ ہے۔
کے الیکٹرک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صنعتی بجلی کی طلب میں یہ نمایاں اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.7 فیصد رہی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کراچی کی صنعتوں کو مسلسل، قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی نے صنعتی پیداوار اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد طہٰ نے کہا کہ صنعتی بجلی کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ حکومت پاکستان، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور کراچی کی صنعتی برادری کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری کے بہتر ماحول، صنعتی سرگرمیوں میں تیزی اور کاروباری اعتماد میں اضافے نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے اور کے الیکٹرک 2013 سے صنعتی فیڈرز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھے ہوئے ہے تاکہ صنعتوں کی پیداوار اور برآمدات متاثر نہ ہوں۔
بی تھری کیٹیگری میں سب سے زیادہ بجلی استعمال
اعلامیے کے مطابق سب سے زیادہ بجلی کا استعمال بی تھری (B3) کیٹیگری میں ریکارڈ کیا گیا، جس میں 501 سے 5 ہزار کلوواٹ تک بجلی استعمال کرنے والی صنعتیں شامل ہیں۔ اس زمرے میں سیمنٹ، اسٹیل، ٹیکسٹائل، کیمیکل اور دیگر بڑے صنعتی شعبے شامل ہیں۔
ماہانہ بنیاد پر جون 2026 میں صنعتی بجلی کی کھپت سب سے زیادہ رہی، جبکہ اپریل 2026 دوسرے نمبر پر رہا۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد سے زائد اضافہ
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 میں صنعتی صارفین نے 5.04 ارب یونٹس بجلی استعمال کی تھی، جبکہ مالی سال 2026 میں یہ مقدار بڑھ کر 6.08 ارب یونٹس تک پہنچ گئی، جو 20 فیصد سے زائد سالانہ اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
اس سے قبل مالی سال 2022 میں صنعتی بجلی کی کھپت 5.84 ارب یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم رواں مالی سال میں یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
349 نئے صنعتی کنکشنز فراہم
کے الیکٹرک کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران 349 نئے صنعتی کنکشنز جاری کیے گئے، جبکہ 273 صنعتی صارفین نے اپنے بجلی کے لوڈ میں اضافہ کیا، جس سے مجموعی طور پر 168 میگاواٹ اضافی طلب قومی گرڈ میں شامل ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے صنعتوں کو کیپٹو پاور پلانٹس سے قومی گرڈ پر منتقل کرنے کی پالیسی، معاشی بحالی اور صنعتی پیداوار میں اضافے نے بھی بجلی کی طلب بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ صنعتی فیڈرز کی ریکوری کی شرح تمام صارفین کے مختلف زمروں میں سب سے بہتر رہی، جو بروقت بلوں کی ادائیگی اور لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ کے درمیان مضبوط تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔
کے الیکٹرک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی کی صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کو قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی آئندہ بھی اس کی اولین ترجیح رہے گی تاکہ ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھا جا سکے۔