را کی کٹھ پتلی فتنۃ الہندوستان کا بلوچوں سے تعلق نہیں، یہ خالصتاً دہشتگرد ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
اشاعت کی تاریخ: 6th, June 2025 GMT
کوئٹہ:
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ فتنۃ الہندوستان کی سرپرست را ہے اور ان کا بلوچوں یا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں، یہ خالصتاً دہشتگرد ہیں۔
صوبائی دارالحکومت میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ظہور احمد بلیدی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے ساتھ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے حمایت یافتہ گروہ ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ پاکستان خصوصاً بلوچستان میں دہشت گردی کے ذریعے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کی ابھرتی ہوئی معیشت کو برداشت نہیں کر پا رہا اور پراکسی وار کے ذریعے ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے ناپاک عزائم رکھتا ہے۔ بھارت کو منہ کی کھانی پڑی ہے، ان کا شیطانی کھیل بے نقاب ہو چکا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران بھارتی میڈیا کی گمراہ کن رپورٹس بھی دکھائی گئیں، جن میں حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران کراچی پورٹ سے متعلق جھوٹی خبریں شامل تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ فتنۃ الہندوستان کے کارندے شنبے اور رحمان گل کی آڈیوز بھی میڈیا کو سنوائی گئیں، جن میں را کے ہینڈلرز سے معلومات کے تبادلے کی تفصیلات شامل تھیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خضدار میں معصوم بچوں کو شہید کرنے والے دہشت گرد دراصل فتنۃ الہندوستان کے ایما پر کام کر رہے ہیں، جنہیں را فنڈنگ اور ہدایات فراہم کرتی ہے۔ یہ دہشت گرد بلوچوں کے نمائندے نہیں، یہ محض را کے آلہ کار ہیں۔
انہوں نے واضح کہا کہ بلوچ قوم کی اپنی روایات ہیں اور وہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے تعلق نہیں رکھتے۔ یہ کسی پنجابی کو نہیں، پاکستانیوں کو قتل کر رہے ہیں۔ ریاست کے پاس فتنۃ الہندوستان کے خلاف مزید شواہد موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ریاست کے خلاف لاپتا افراد کا بیانیہ دراصل ایک پروپیگنڈا ہے۔ جبری گمشدگیوں سے زیادہ ازخود گمشدگیوں کی تعداد ہے، اور ان کی فہرستیں بی ایل اے کے پاس ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں کسی بڑے ملٹری آپریشن کی ضرورت نہیں اور ریاستی پالیسی سیاسی مذاکرات اور مؤثر حکمت عملی پر مبنی ہے۔ سیاسی ڈائیلاگ ہر وقت ہوتے ہیں، مگر جو ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائیں گے، ان کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ریاست فتنۃ الہندوستان کے ہر حملے کو ناکام بنائے گی اور پاکستان کے امن و ترقی کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان فتنۃ الہندوستان کے کے خلاف کہا کہ
پڑھیں:
بلوچستان میں جوڑے کا بہیمانہ قتل، سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع
قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کی صوبائی حکومت قاتلوں کو جلد سے جلد گرفتار کرے، غیرت کے نام پر اس طرح کے واقعات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی خواتین اراکین نے سندھ اسمبلی میں بلوچستان میں جوڑے کے بہیمانے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرا دی۔ بلوچستان میں جوڑے کے بہیمانے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ جاوید اور ہیر سوہو نے جمع کروائی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وحشیانہ عمل آئین پاکستان کے خلاف ہے اور مذکورہ قرارداد میں قتل کے عمل کو غیر اسلامی اور غیر ثقافتی قرار دیا گیا ہے۔ اراکین صوبائی اسمبلی نے قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کی صوبائی حکومت قاتلوں کو جلد سے جلد گرفتار کرے، غیرت کے نام پر اس طرح کے واقعات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کا ایوان بلوچستان میں ایک جوڑے کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتا ہے، وحشیانہ قتل اسلامی تعلیمات، بنیادی انسانی حقوق اور قانون کے خلاف ہے۔ صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام ملوث افراد کو جلد سزا دی جائے۔