کراچی، گلستان جوہر میں پولیس مقابلہ، دو ڈکیت ہلاک، ایک زخمی حالت میں گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 12th, June 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر بلاک 16-A میں پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں دو ملزمان ہلاک، جب کہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت مہران اور جہانگیر کے ناموں سے ہوئی ہے، جب کہ زخمی ملزم مزمل ہے۔
ایس ایچ او شاہراہ فیصل تھانہ، انسپکٹر فیصل گل کے مطابق راشد منہاس روڈ پر لال فلیٹ کے قریب پولیس موبائل موجود تھی جب موٹر سائیکل سوار دو شہریوں نے ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع دی۔
پولیس اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا پیچھا کیا، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جب کہ تیسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
انسپکٹر فیصل گل کے مطابق جائے وقوعہ سے تین پستول، چھینے گئے موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، قائدآباد میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ، ایک ملزم زخمی، ساتھی فرار
کراچی:شہر قائد میں قائدآباد کے علاقے میں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مشتبہ موٹرسائیکل سواروں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی فوری طور پر جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا جس کی شناخت میر علی کے نام سے کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار زخمی ملزم کے قبضے سے ایک پستول، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کر لی گئی ہے۔ زخمی ملزم کو ابتدائی طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
قائدآباد پولیس کے مطابق ملزم میر علی کے مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے ساتھی کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔