بلیو اکانومی پاکستان کی اقتصادی بحالی کا اگلا محاذ ہے، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 16th, June 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلیو اکانومی پاکستان کی اقتصادی بحالی کا اگلا محاذ ہے، یہ معاشی ترقی اور علاقائی رابطہ کاری کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
اسلام آباد میں انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کی سافٹ لانچ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی میری ٹائم ایکسپو کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن کا انعقاد خوش آئند ہے، میں وزیر بحری امور جنید چوہدری اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو اس اہم ایونٹ کے انعقاد کو ممکن بنانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ہمارے قومی دفاع کے آرکیٹیکچر میں ہمیشہ ایک مضبوط ستون کے مانند کھڑی رہی ہے، چاہے وہ 1965 کا عظیم دوارکا آپریشن ہو یا حالیہ بھارتی مس ایڈوینچر ہو، پاک بحریہ نے ہمیشہ پروفیشنل ازم کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی امن، علاقائی استحکام، اور عالمی اصولوں کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے، جو ہماری بحری سفارت کاری کی رہنمائی کرتے رہتے ہیں، حال ہی میں منعقد ہونے والی ’ امن’ مشق، جس میں 60 ممالک نے شرکت کی، اس غیر متزلزل عزم کا بھرپور اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلیو اکانومی پاکستان کی اقتصادی بحالی کا اگلا محاذ ہے، عالمی بلیو اکانومی کا حجم کھربوں ڈالر ہے اور اگر پاکستان اس کا ایک جزو بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو یہ اس کی معاشی ترقی اور علاقائی رابطہ کاری کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بلیو اکانومی مواقع کا ایک جھرمٹ ہے، تجارتی بحری جہازرانی سے لے کر ماہی گیری،جہاز سازی اور ری سائیکلنگ سے لے کر قابل تجدید توانائی، ساحلی سیاحت سے لے کر آف شور آبی زراعت تک، ہمیں ان تمام امکانات سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سالانہ فریٹ چارجز تقریباً 7 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، لہٰذا پاکستانی شپنگ کمپنیوں اور غیر ملکی لائنرز کے درمیان صحت مند مقابلہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں وزیرِ بحری امور جنید چوہدری، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ان کی ٹیم اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے گزارش کرتا ہوں کہ مل کر قدم بڑھائیں، کوششوں کو مربوط کریں اور پاکستان کی بحری طاقت کو ایک نئی جہت دیں۔
مزیدپڑھیں:ایران اسرائیل تنازع: امریکی بحری بیڑہ بحیرہ جنوبی چین سے مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ
ذریعہ
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ بلیو اکانومی پاکستان کی
پڑھیں:
کراچی: لی مارکیٹ کی بحالی کے دوران قدیم مجسمے دریافت
کراچی کی قدیم لی مارکیٹ کی بحالی کے دوران وہاں سے پرانے مجسمے دریافت ہوئے ہیں۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں واقعی لی مارکیٹ کی بحالی کے دوران آثار قدیمہ کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔انہوں نے بتایا کہ لی مارکیٹ کی بحالی کے دوران 2 قدیم طرز کے مجسمے برآمد ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ لی مارکیٹ میں سے ملنے والی اشیا کی ماہرینِ آثارِ قدیمہ سے جانچ کرائی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ دریافت ہونے والے مجسموں کی عمر اور تاریخی اہمیت کا تعین ماہرین کریں گے۔مرضی وہاب نے بتایا کہ تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے دریافت ہونے والی اشیا کی مکمل دستاویزات اورریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ لی مارکیٹ کی بحالی کے دوران دریافت ہونے والی اشیا کو محفوظ کرلیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کے ایم سی شہر کے تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور لی مارکیٹ سے ملنے والی اشیا کا سائنسی معائنہ کرایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ تاریخی نوعیت کی دریافت پر لی مارکیٹ میں مزید کھدائی احتیاط سے کی جا رہی ہے۔