پاکستان امریکا کے ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
اشاعت کی تاریخ: 17th, June 2025 GMT
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں امریکا کے کامرس سیکریٹری سے بات ہوئی ہے، جس میں امریکی ٹیرف سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹیجک معاہدے کی یقین دہانی کرائی ہے، جو مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستانی ایکسپورٹ انڈسٹری بہتری کی طرف گامزن ہے اور حکومت اس کی مزید ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے صنعتوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور توانائی، ٹیکس نیٹ اور ریاستی اداروں (SOEs) میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: وفاقی حکومت قرض لے کر ریلیف دے رہی ہے، اخراجات میں کمی ناگزیر ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
وفاقی بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں پنشن اخراجات ترقیاتی بجٹ سے بھی زیادہ ہیں، تاہم حکومت نے پنشن کو مہنگائی کے تناسب سے بڑھایا ہے۔ وزیر خزانہ نے انکشاف کیا کہ 10 ملین روپے سے زائد پنشن پر 5 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ مالی بوجھ کو متوازن کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اصلاحات میں صوبے لیڈ کا کردار ادا کر رہے ہیں، اور اگر کوئی صوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقی کر رہا ہے تو وفاق کو اس سے سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے خاص طور پر سندھ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک قابل تقلید مثال ہے جس سے دیگر صوبوں کو بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معاشی اصلاحات، بیرونی سرمایہ کاری، اور اسٹریٹیجک شراکت داری پاکستان کی اقتصادی بحالی کی کنجی ہیں، اور حکومت ان تمام شعبوں میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اسلام آباد امریکا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سندھ وزیر خزانہ وفاقی بجٹ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اسلام آباد امریکا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ وفاقی بجٹ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ انہوں نے
پڑھیں:
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے سینیٹر حافظ عبدالکریم کی ملاقات
لاہور (خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر اور رکن سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، مذہبی ہم آہنگی، اور باہمی دلچسپی کے اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ملک میں مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی وحدت کے فروغ کے لیے تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں علماء کرام، دینی جماعتوں اور حکومتی اداروں کے درمیان مستقل رابطہ کاری کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کو دوبارہ سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ایوان بالا کے لیے پنجاب اسمبلی سے ان کے انتخاب کو ایک اچھی روایت قرار دیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث حافظ ڈاکٹر عبدالکریم نے اعلان کیا کہ اگست کے مہینے میں ملک بھر میں "استحکام پاکستان کانفرنسز" کا انعقاد کیا جائے گا جن میں ملکی استحکام، یکجہتی اور امن کے فروغ کے لیے علماء ، دانشوروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی۔