کالجز میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، وزیراعظم آزادکشمیر
اشاعت کی تاریخ: 24th, June 2025 GMT
چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ بجٹ میں تعلیم کو فوقیت دی گئی ہے ، ترجیحات کو درست سمت میں ڈالنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے وزیر ہائر ایجوکیشن آزادکشمیر ظفر اقبال ملک کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن چوہدری محمد طیب، صدر ایکٹا آزادکشمیر طارق سلیم، سینئر وائس پریذیڈنٹ ایکٹا ڈاکٹر ظفر اقبال اور جنرل سیکرٹری ایکٹا چوہدری عبدالرحیم بھی موجود تھے، محکمہ ہائر ایجوکیشن آزادکشمیر کے اقدامات اور ہائر ایجوکیشن سے منسلک اساتذہ کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی جانب سے اساتذہ تنظیموں، دانشوروں اور ماہرین تعلیم کو نظام تعلیم میں اصلاحات کے لیے موثر فورم تشکیل دینے کی تجویز دی گئی جس کو ملاقات میں موجود ہائیر ایجوکیشن کے اساتذہ کی نمائندہ تنظیم ایکٹا کے عہدیداران کی جانب سے بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں کالجز میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، شب و روز کی محنت کی بدولت ہی حقیقی تبدیلی ممکن ہے، اساتذہ لگن سے کام کریں، ہماری ترجیح شہریوں کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے، جدید ٹیکنالوجی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، معیار تعلیم بہتر ہو گا تو چیزیں بہتری کی طرف جا سکتی ہیں، کالجز میں فیکلٹی کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں، مشکلات کا احساس ہے۔ انھوں نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، اساتذہ کے جاندار اور عملی کردار نبھانے کی بدولت ہی چیزیں بہتری کی طرف جا سکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بجٹ میں تعلیم کو فوقیت دی گئی ہے، ترجیحات کو درست سمت میں ڈالنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، نظام سے خامیوں کا خاتمہ کیا ہے، چیزیں درست سمت کی جانب گامزن ہو چکی ہیں، نظام تعلیم پر خاص توجہ مرکوز ہے، تعلیمی کی بہتری سے ہی حقیقی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے مثالی اقدامات کے ثمرات اب عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: چوہدری انوار الحق ہائر ایجوکیشن نے کہا کہ تعلیم کو کے لیے
پڑھیں:
شہباز شریف سے ترک وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کےعزم کا اعادہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا کی ملاقات ہوئی. جس میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کےعزم کا اعادہ کیا گیا۔سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، معاون خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین این ڈی ایم اے، سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری خارجہ بھی موجود تھے۔مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم نے ترک وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، وزیر اعظم نے ملاقات میں ترک صدر رجب طیب اردوان کیلئے تہنیتی پیغام دیا۔رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، پولیس کی تربیت، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، تجارت اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے اہم امور پر پاکستان کے موقف کے لیے ترکیہ کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کو سراہا، وزیرِ اعظم نے استنبول میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری امن مذاکرات میں سہولت کاری میں کردار ادا کرنے پر ترکیہ کی قیادت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ترک وزیر داخلہ نے ان کی اور ترک وفد کی بہترین مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے وزیراعظم کے لیے تہنیتی پیغام پہنچایا۔انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس کے اشتراک اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔