امریکہ اور اس کے اتحادی مسلمانوں کی وحدت کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں، سراج الحق
اشاعت کی تاریخ: 1st, July 2025 GMT
ملتان میں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سابق امیر کا کہنا تھا کہ عالمی استعمار کی ظالمانہ پالیسیاں ناکام ہو رہی ہیں اور انشااللہ فلسطین سمیت مظلوم امت کی آزادی کی جدوجہد کامیاب ہو کر رہے گی۔ اسلام ٹائمز۔ سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا امت مسلمہ کی بیداری اور استقامت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استعمار کی ظالمانہ پالیسیاں ناکام ہو رہی ہیں اور انشااللہ فلسطین سمیت مظلوم امت کی آزادی کی جدوجہد کامیاب ہو کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی مسلمانوں کی وحدت کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن حالیہ واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر مسلم ممالک اپنے نظریے پر قائم رہیں اور یک زبان ہو جائیں تو کوئی طاقت انہیں زیر نہیں کر سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع العلوم میں جماعت اسلامی ضلع ملتان کے ماہانہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صہیب عمار صدیقی امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان، خواجہ عاصم ریاض سیکرٹری جنرل، مولانا عبدالرزاق مہتمم جامع العلوم، حافظ محمد اسلم نائب امیر ضلع، اسد منیر نائب امیر ضلع، خواجہ صغیر احمد نائب امیر ضلع اور دیگر ذمہ دران جماعت اسلامی سمیت ارکان اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔
سابق امیر جماعت اسلامی نے کارکنان جماعت کو نصیحت کی کہ وہ ان حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے نظریے کو تھامے رکھیں، کسی خوف اور لالچ میں آئے بغیر دین حق کے پیغام کو پھیلائیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان اپنے گھروں، محلوں اور علاقوں میں اصلاحی و تربیتی اجتماعات کو منظم کریں تاکہ جماعت کا نظریہ مضبوط بنیادوں پر استوار ہو، سراج الحق نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالیں اور اپنے کردار سے امت کو امید اور حوصلہ دیں، امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان صہیب عمار صدیقی صاحب نے کہا کہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ جماعت اسلامی کے اسلامی و انقلابی منشور پر عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان جماعت اسلامی کو چاہیے کہ وہ عوام تک جماعت کی پالیسیوں کو پہنچائیں، عالمی حالات پر جماعت کا دوٹوک موقف بیان کریں اور ہر فورم پر حق کی آواز بنیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: امیر جماعت اسلامی انہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
خیبرپختونخوا کے عوام کے لیےیہ آزمائش کا وقت ہے، امیرمقام
وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے صوبے کے مختلف اضلاع — بونیر، شانگلہ، سوات، باجوڑ، لوئر دیر اور مانسہرہ — میں حالیہ موسلا دھار بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
امیر مقام نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ یہ خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے ایک آزمائش کا وقت ہے، اور وفاقی حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے ۔
امیر مقام کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف خود اس سنگین صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں فوری امداد کی فراہمی کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت متاثرہ علاقوں کی ہر ممکن مدد کرے گی تاکہ بروقت امداد اور بحالی کے اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔”
امیر مقام نے افسوسناک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پسماندگان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی اور اس موقع پر امدادی ٹیم کے ہیلی کاپٹر حادثےمیں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
امیر مقام نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ہمیں متاثرین کی مدد کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے تمام اداروں، فلاحی تنظیموں اور اہلِ خیر سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے لیے آگے آئیں۔