غریب عوام ایک وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں، علامہ احمد اقبال رضوی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
ایم ڈبلیو ایم کے وائس چئیرمین کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ حالیہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے رحمانہ اضافہ، اشیائے خوردونوش کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں، اور مہنگائی کا طوفان اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ نظام صرف اور صرف اشرافیہ کے تحفظ اور غریب عوام کی بربادی کے لیے قائم ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔ حالیہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے رحمانہ اضافہ، اشیائے خوردونوش کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں، اور مہنگائی کا طوفان اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ نظام صرف اور صرف اشرافیہ کے تحفظ اور غریب عوام کی بربادی کے لیے قائم ہے۔ غریب عوام ایک وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں، فاقہ کشی اور خودکشیاں بڑھ چکی ہیں، کسان کچلا جا رہا ہے، اور متوسط طبقہ مسلسل زندہ درگور ہو رہا ہے۔ علاج معالجہ، تعلیم اور روزگار عام انسان کی پہنچ سے دور ہو چکے ہیں۔اشرافیہ کی مراعات، پروٹوکول، اور عیاشیوں میں کوئی کمی نہیں، قربانی ہمیشہ غریب کی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین، قانون اور عدلیہ عوام کے تحفظ کے بجائے اس کرپٹ اور مسلط ٹولے کے محافظ بنے ہوئے ہیں۔ یہ اقدامات ملک کی معیشت، سالمیت اور مستقبل پر کھلا حملہ ہیں، اور یہ نظام اب اس حد تک سڑ چکا ہے کہ اس کی اصلاح ممکن نہیں رہی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام اس ظالمانہ نظام، کرپٹ حکمران طبقے اور ان کے سہولت کاروں کو پہچانیں اور ان کے خلاف فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کریں۔ عوام پر یہ فرض ہے کہ وہ اس ظالمانہ، ناانصاف اور استحصالی ڈھانچے کو مسترد کر کے اپنے حق کے لیے کھڑے ہوں۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب قومیں ظلم کے آگے خاموش ہو جائیں تو ان کا مقدر غلامی اور تباہی کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
مقاومتی بلاک عالمی ظالم طاقتوں کے سامنے سینہ سپر ہے، علامہ مقصود ڈومکی
آئی ایس او جیکب آباد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ آئی ایس او میں شامل ہو کر اس الٰہی اور انقلابی تحریک کا حصہ بنیں، کیونکہ نوجوان ہی کسی بھی قوم کا اصل مستقبل ہوتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ تاریخ انسانیت کے ہر دور میں حق و باطل کے درمیان جنگ جاری رہی ہے۔ حضرت آدم علیہ السلام کے مقابلے میں ابلیس، حضرت ہابیلؑ کے مقابلے میں قابیل، حضرت ابراہیمؑ کے مقابلے میں نمرود، حضرت موسٰیؑ کے مقابلے میں فرعون اور امام حسینؑ کے مقابلے میں یزید باطل کا پرچم اٹھا کر میدان میں آیا، لیکن فتح ہمیشہ حق ہی کی ہوئی، کیونکہ باطل کی قسمت میں ذلت، رسوائی اور شکست ہی لکھی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع جیکب آباد کے سالانہ تنظیمی کنونشن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عصرِ حاضر میں حضرت امام خمینیؒ حق و صداقت کا پیغام لے کر میدان عمل میں آئے اور وقت کی ظالم و جابر قوتوں کو للکارا۔ انہوں نے شیطان بزرگ امریکہ کے مکروہ کردار کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا اور اسے تاریخی ذلت سے دوچار کیا۔ امام خمینیؒ نے امت مسلمہ اور اہل حق کو بیدار اور متحد کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج مزاحمتی محور یا مقاومتی بلاک عالمی قوت بن کر ظالم طاقتوں کے سامنے سینہ سپر ہے۔ اسرائیل کی عبرت ناک شکست کے بعد امریکہ اور اس کے اتحادی شدید اضطراب اور پریشانی کا شکار ہیں۔ پاکستان کے جعلی حکمرانوں کو امریکا کی پشت پناہی حاصل ہے اس لئے یہ امریکی غلامی کی ہر حد کراس کر چکے ہیں۔ علامہ ڈومکی نے کہا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان محب وطن، صالح اور انقلابی نوجوانوں کی جماعت ہے۔ ہمارے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ آئی ایس او میں شامل ہو کر اس الٰہی اور انقلابی تحریک کا حصہ بنیں، کیونکہ نوجوان ہی کسی بھی قوم کا اصل مستقبل ہوتے ہیں۔ آئی ایس او ضلعی کنونشن سے مجلس وحدت مسلمین سندھ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن مولانا منور حسین سولنگی، ایم ڈبلیو ایم یوتھ ونگ لاڑکانہ ڈویژن کے صدر اللہ بخش میرالی اور نو منتخب ضلعی صدر آئی ایس او اظہار الحسن نے بھی خطاب کیا۔