بغیر لائسنس شیر رکھنے والوں کےخلاف کارروائیاں، 13 شیر برآمد، 5 افراد گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 5th, July 2025 GMT
— فائل فوٹو
محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے صوبے بھر میں بغیر لائسنس شیر رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے دوران 13 شیر برآمد کر لیے۔
ترجمان محکمہ جنگلی حیات پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 22 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
اس دوران بغیر لائسنس شیر رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے لاہور سے 4 شیر بازیاب کرکے 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک احاطہ سیل کردیا گیا اور 3 مقدمات درج کیےگئے۔
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع فارم ہاؤس کے شیر نے حملہ کرکے خاتون اور دو بچوں کو زخمی کردیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
گوجرانوالا سے 4 شیر اور فیصل آباد سے 2 شیر تحویل میں لےکر ایک احاطہ سیل کیا گیا۔
اسی طرح ملتان سے 3 شیر برآمد کر کے ایک شخص کو گرفتار کرکے 2 مقدمات درج کیے گئے۔
سنیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ غیر قانونی شیر رکھنا ناصرف جرم بلکہ معاشرتی خطرہ بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وائلڈ لائف قوانین پر سختی سے عمل ہوگا، قانون سے بالاتر کوئی نہیں، زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت پنجاب بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جنگلی حیات کا غیر قانونی کاروبار ناقابلِ برداشت ہے، عوامی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام سے اپیل ہے کہ غیرقانونی شیر رکھنے والوں کی اطلاع 1107 پر دیں۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: شیر رکھنے والوں
پڑھیں:
کراچی والوں کے لیے موسم کے حوالے سے خوشی کی خبر
کراچی:شہر قائد میں گرمی کے ستائے باسیوں کے لیے موسم کے حوالے سے خوشی کی خبر آ گئی۔
محکمہ موسمیات اور ماہرین نے کراچی میں رواں ماہ کے دوران 2 سے 3 بارشوں کے سلسلوں کی پیشگوئی کی ہے، جس سے شہر کا موسم جزوی طور پر خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔
ماہرِ موسمیات انجم نذیر کے مطابق 9 سے 11 جولائی کے دوران کراچی میں ہلکی بارش متوقع ہے، جب کہ جولائی کے وسط تک مزید ایک یا 2 اسپیل شہر کو متاثر کر سکتے ہیں۔
انجم نذیر نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے بعض دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش کے امکانات موجود ہیں، جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں اس وقت مون سون بارشیں شدت کے ساتھ جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے شمال مشرقی اور بالائی حصوں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے اور چراٹ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 92 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے، جب کہ موسم عمومی طور پر ابر آلود رہے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے اور سمندری ہوائیں مسلسل فعال رہنے کی توقع ہے، جو گرمی کی شدت کو کم کر سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں اس وقت صوبہ سندھ کے مشرقی علاقوں پر مسلسل اثر انداز ہو رہی ہیں۔ آج اور کل کے دوران تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے، جب کہ بدین، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو اور حیدرآباد میں بھی بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود، مرطوب اور گرم رہنے کی پیشگوئی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں بارش کے بعد ٹھنڈی ہواؤں اور نمی کی موجودگی سے موسم قدرے خوشگوار ہونے کی امید ہے، تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارش کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ شہری مسائل سے بچا جا سکے۔