کراچی، 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات
اشاعت کی تاریخ: 7th, July 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کا انعقاد مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں شہر کے مختلف مقامات پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عزاداروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جہاں صبح کے وقت مرکزی مجلس عزاء کا انعقاد کیا جائے گا۔ مجلس ختم ہونے کے فوراً بعد جلوس کا آغاز ہو گا اور یہ اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا حسینیان ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس عزاء میں مختلف مذہبی علامتوں جیسے علم، تابوت، اور شبیہ ذوالجناح کی زیارات نکالی جائیں گی۔ اس کے علاوہ عزادار نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے نوحہ خوانی اور ماتم داری بھی کریں گے۔
کراچی میں مرکزی عاشورہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
مجموعی طور پر 20,350 افسران اور اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر ہوں گے۔ سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلوس کے راستوں کی مکمل چیکنگ کی جائے گی، جبکہ بلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔
جلوس کے راستوں اور اس کے ارد گرد موبائل فون سروس کو جزوی طور پر بند رکھا جائے گا تاکہ سیکیورٹی کے معاملات پر نظر رکھی جا سکے۔
اس کے ساتھ ہی شہر بھر میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے، جس کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنا ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان سیکیورٹی کے
پڑھیں:
9 محرم الحرام کے جلوس و مجالس کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ، فوج تعینات
لاہور( نیوزڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں نواں محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
شہر شہر میں شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس نکالے جا رہے ہیں، جلوسوں کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے جبکہ جلوسوں کے راستوں پر دودھ اور شربت کی سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
لاہور پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ کا جلوس
لاہور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو گا جو اسلام پورہ بازار، سیکرٹریٹ، پرانی انارکلی اور دیگر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات میں اختتام پذیر ہو گا، نوحہ خوانی اور نماز ظہرین کے علاوہ نماز مغربین بھی جلوس روٹ کے مختلف نقاط پر ادا کی جائے گی۔
پنجاب پولیس نے 79 جلوسوں کی نگرانی کے لیے 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے ہیں جن میں پولیس، رینجرز اور اہل فورسز بھی شامل ہیں، جلوس کے راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کیے گئے ہیں، جلوس کی نگرانی کیمروں کی مدد سے بھی کی جا رہی ہے اور سنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
کراچی
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوکر حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں سیل کر دی گئی ہیں، ایم اے جناح روڈ کے اطراف کنٹینر رکھ کر سڑکیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔
صدر، ایمپریس مارکیٹ، پریڈی سٹریٹ اور کھارادر سمیت دیگر مختلف علاقوں میں بھی کنٹینر رکھ کر سڑکیں بند کر دی گئی ہیں، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔
جلوس کی سکیورٹی پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ اور رینجرز اہلکار بھی الرٹ ہیں، گزشتہ روز 8 محرم کا جلوس بھی سخت سکیورٹی میں نکالا گیا تھا اور اس دوران بھی موبائل فون سروس معطل رہی تھی۔
علاوہ ازیں اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور دیگر شہروں سے بھی جلوس برآمد ہوں گے جس میں عزادار نوحہ خوانی، ماتم داری، سینہ کوبی اور زنجیر زنی بھی کریں گے۔
سکھر: 500 سالہ نو ڈھالہ تعزیہ جلوس برآمد
ادھر سندھ کے شہر سکھر کے علاقے روہڑی میں 500 سالہ تاریخی کربلائے معلیٰ کا 9 محرم کا نو ڈھالہ تعزیہ جلوس برآمد ہو گیا، جلوس یوم عاشور کی شام ختم ہو گا جس کے باعث بعض علاقوں میں انٹر نیٹ سروس متاثر ہے۔
ملتان میں قدیمی امام بارگاہ ممتاز آباد سے علم اور تعزیہ کا جلوس برآمد ہوگا، ڈیرہ اسماعیل خان میں آج نو محرم کا جلوس مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہو گیا ہے جو مسجد یاعلی پر اختتام پذیر ہو گا جبکہ فیصل آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حیدریہ امین پور بازار اے سے رات 9 بجے برآمد ہو گا۔
Post Views: 5