ڈی آئی خان؛ دیرینہ دشمنی خونریز تصادم میں تبدیل، فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 9th, July 2025 GMT
ڈی آئی خان:
خیبر پختونخوا میں دیرینہ دشمنی خونریز تصادم میں تبدیل ہو گئی اور فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور کے علاقے رحمانی خیل میں دیرینہ دشمنی ایک بار پھر خونریز تصادم میں بدل گئی، جہاں دو مخالف گروپوں کے درمیان رات 3 بجے کے قریب شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک گروپ کے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
واقعہ تھانہ پنیالہ کی حدود میں پیش آیا، جہاں دشمنی کی بنا پر دونوں گروپ آمنے سامنے آ گئے اور فائرنگ شروع ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں نعمت اللہ، محمد سلیم اور زاہد شامل ہیں، جن کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جب کہ فریقین کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین جاری ہے اور مزید کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
خیبر پختون خوا حکومت کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 ایئر ایمبولینس میں تبدیل
—فائل فوٹوچیف سیکریٹری خیبر پختون خوا شہاب علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہمارا بڑا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 مکمل طور پر ایئر ایمبولینس میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل یہ ہیلی کاپٹر کرم میں میڈیکل سروسز کے لیے استعمال ہو چکا ہے۔
آئی جی پولیس خیبر پختون خو اور چیف سیکریٹری نے کوہاٹی گیٹ میں سپریم کمانڈ پوسٹ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے کہا کہ سوات واقعہ ناخوش گوار تھا لیکن 80 لوگوں کی جان بھی وہاں بچائی گئی، ریسکیو 1122 کو مزید جدید آلات فراہم کر رہے ہیں۔
آئی جی خیبر پختون خوا ذوالفقارحمید نے کہا کہ اب تک محرم الحرام کے تمام جلوس بخیریت مکمل ہوئے ہیں، پولیس چوکس ہے، تمام سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں، 11 ہزار سے زیادہ پولیس سیکیورٹی پر تعینات ہیں۔