بھکاری مافیا ملکی امیج تباہ کر رہا ہے
اشاعت کی تاریخ: 9th, July 2025 GMT
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی2025ء) وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ بھکاری مافیا ملکی امیج تباہ کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے حوالہ ہنڈی، بھکاری ایجنٹ مافیا، جعلی ادویات اور نان کسٹم پیڈ مصنوعات کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر کارروائی کے احکامات جاری کر دئیے ۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا اس موقع پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے حوالہ ہنڈی، بھکاری ایجنٹ مافیا، جعلی ادویات اور نان کسٹم پیڈ مصنوعات کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
وزیر داخلہ نے حوالہ ہنڈی میں ملوث بڑے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کا دباؤ قبول کیے بغیر اس غیر قانونی نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے۔(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ یہ مافیا ملکی معیشت کے لیے خطرہ ہے اور اس کے خلاف واضح اور نظر آنے والا ایکشن ضروری ہے۔ محسن نقوی نے بھکاریوں کو بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹ گروہوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مافیا نہ صرف انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہے بلکہ پاکستان کے عالمی امیج کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔ بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہو کر واپس آنے والے پیشہ ور بھکاریوں کی فوری گرفتاری اور مفرور ایجنٹس کی بین الصوبائی تعاون سے تلاش پر زور دیا گیا۔ جعلی ادویات کے خلاف بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ یہ مکروہ دھندہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور ایسے عناصر کی اصل جگہ جیل ہے۔ انہوں نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ اس خطرناک کاروبار میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ مزید برآں، محسن نقوی نے غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک 5 ہزار ڈالر سے زائد رقم لے جانے والے مسافروں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دی۔ نان کسٹم مصنوعات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھی مؤثر کارروائی کا حکم دیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساوتھ مجاہد اکبر خان، ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نعمان صدیق، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ ڈائریکٹر کراچی زون نے وزیر داخلہ کو ایف آئی اے کی کارکردگی، جاری کارروائیوں اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔.
ذریعہ
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے وزیر داخلہ ایف ا ئی اے انہوں نے کے خلاف
پڑھیں:
غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مسجد شہید، قریبی مکانات بھی تباہ
اسرائیلی قابض جنگی طیاروں نے وسطی غزہ کی پٹی میں بوریج کیمپ میں ایک مسجد اور اس کے آس پاس کے علاقوں کو فضائی حملے میں تباہ کردیا ہے۔
صفا نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے بوریج پناہ گزین کیمپ کے جنوب مشرق میں بلاک 9 میں مسجد النور اور اس کے آس پاس کے علاقے کو تباہ کر دیا۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پولیس اسٹیشن کے قریب ایک مکان کو بھی نشانہ بنایا۔
مقامی میڈیا نمائندے نے کہا کہ اسرائیلی جنگی طیارے غزہ کی پٹی کے متعدد علاقوں پر کم اونچائی پر پرواز کر رہے ہیں۔
غزہ شہر کے مشرق میں واقع زیتون محلے کے کچھ حصوں کے لیے بھی انخلا کی وارننگ جاری کی گئی جو کہ کئی دنوں سے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی زد میں ہے، نیز شمالی غزہ کی پٹی میں بیت لاہیہ پروجیکٹ کے علاقے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
مسلسل اسرائیلی بمباری نے خطے میں بڑے پیمانے پر خوف و ہراس کو جنم دیا ہے جبکہ رہائشیوں کو متاثرہ علاقوں سے انخلا پر مجبور کیا جارہا ہے۔
گزشتہ سال اکتوبر سے نافذ ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں کارروائیاں اور حملے جاری رکھے ہوئے ہیں جس میں متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔