کراچی میں فائرنگ سے مرد اور خاتون قتل؛ سنسان مقام سے لاشیں برآمد
اشاعت کی تاریخ: 28th, July 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں فائرنگ سے ایک مرد اور خاتون کو قتل کردیا گیا، جن کی لاشیں سنسان مقام سے برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق بوٹ بیسن چائنہ پورٹ کے قریب سنسان مقام سے ایک مرد اور خاتون کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں سروں پر فائرنگ کر کے بے رحمی سے قتل کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ آج صبح کسی وقت کا ہے اور دونوں مرد و خاتون کو ایسے مقام پر قتل کیا گیا جہاں عام لوگوں کا آنا جانا نہیں ہوتا۔ پولیس کو جائے وقوع سے مقتولین کے پاس سے ایک موبائل فون، نقدی اور نائن ایم ایم پسٹل کے 2 خول بھی ملے ہیں۔
واردات کی اطلاع آس پاس کام کرنے والے مزدوروں نے اُس وقت دی جب انہوں نے لاشوں کو دیکھا اور فوراً پولیس کو آگاہ کیا۔
پولیس اور کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ یس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق واقعہ کی تمام زاویوں سے تفتیش جاری ہے اور جلد ہی حقائق سامنے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلے، 2 زخمی ملزمان گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان دو علیحدہ مقابلوں میں دو ملزمان زخمی ہو گئے اور انہیں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ریڑھی روڈ کے قریب ابراہیم حیدری میں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے مسلح ملزمان کو دیکھتے ہی فائرنگ کا تبادلہ کیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہو گیا جس کی شناخت یونس ولد عبدالشکور کے نام سے ہوئی۔
زخمی ملزم کے قبضے سے ایک پستول برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا ہے اور اس کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کا ساتھی فائرنگ کے دوران موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب سکھن کے علاقے روڈ نمبر 11 میں بھی پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک اور ملزم زخمی ہوگیا جس کی شناخت عثمان علی کے نام سے ہوئی۔
زخمی ملزم کے قبضے سے ایک پستول، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی۔
پولیس نے زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال روانہ کر دیا ہے، اور اس کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحہ کو فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کا کرمنل ریکارڈ چیک کرنا شروع کر دیا ہے، جبکہ فرار ملزم کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔