پولیس کی بھاری نفری اداکار عامر خان کے گھر کیوں پہنچی؟ وجہ سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 29th, July 2025 GMT
ممبئی :حال ہی میں ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں پولیس کی گاڑیوں کو بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کی رہائش گاہ کے احاطے میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ کیا پولیس ان کی گرفتاری کے لیے آئی ہے یا ان کے گھر چھاپہ مارا گیا ہے۔
اب عامر خان کی ٹیم کے ایک ترجمان نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ موجودہ بیچ کے آئی پی ایس ٹرینی افسران نے ان سے ملاقات کی درخواست کی تھی، جس پر عامر خان نے انہیں اپنے گھر پر مدعو کیا۔
ٹیم ممبر کے مطابق عامر خان نے ماضی میں بھی کئی بیچز سے آئی پی ایس افسران سے ملاقاتیں کی ہیں۔ خاص طور پر اُن کی 1999 کی فلم ’سرفروش‘ کے بعد کئی ٹرینی افسران ان سے ملنے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔
ایک سرکاری اہلکار نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ افسران نے عامر خان کے گھر ’تعارفی ملاقات‘ کے لیے دورہ کیا تھا۔ اہلکار نے کہا ’یہ ایک خیرسگالی ملاقات تھی۔ وہ سب تربیتی آئی پی ایس افسران تھے جو عامر خان سے ملنا چاہتے تھے‘۔
واضح رہے کہ مداحوں نے عامر خان کو حال ہی میں فلم ’ستارے زمین پر‘ میں دیکھا، جس کی ہدایت کاری آر ایس پراسانا نے کی ہے۔ اس فلم کو عامر خان نے اپرنا پروہت اور روی بھاگچندکا کے ساتھ پروڈیوس کیا۔ یہ فلم 2007 کی مشہور فلم ’تارے زمین پر‘ کا تسلسل قرار دی گئی ہے، اور 20 جون کو سینماؤں میں ریلیز ہوئی۔
فلم میں عامر ایک باسکٹ بال کوچ کا کردار نبھاتے ہیں جو دس معذور افراد کی تربیت اور رہنمائی کرتے ہیں۔ فلم میں دیگر اداکاروں میں جنیلیا ڈی سوزا، ارؤش دتہ، گوپی کرشنا ورما، سموِت دیسائی، ویدانت شرما، آیوش بھنسالی، آشش پینڈسے، رشی شہانی، رِشب جین، نمن مشرا اور سمرن منگیشکر شامل ہیں۔
دوسری جانب عامر خان جلد ہی انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن 2025 میں بطور مہمان شرکت کے لیے تیار ہیں۔ یہ فلمی میلہ 14 سے 24 اگست تک جاری رہے گا، جس کا یہ 16 واں ایڈیشن ہو گا۔
اس موقع پر عامر خان کو بھارتی سنیما میں ان کی غیرمعمولی خدمات پر خصوصی اعزاز سے نوازا جائے گا، اور ان کی حالیہ فلم ’ستارے زمین پر‘ پر روشنی ڈالی جائے گی۔
اپنے بیان میں عامر خان نے کہاکہ میلبورن فلم فیسٹیول میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ یہ وہ فیسٹیول ہے جو بھارتی سنیما کے تنوع اور گہرائی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ میں ناظرین سے گفتگو اور اپنی فلموں کے تجربات بانٹنے کا منتظر ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ستارے زمین پر‘ میں ہم نے ایک ایسی کہانی پیش کی جو حساسیت کے ساتھ شمولیت اور نیورولوجیکل تنوع جیسے موضوعات کو اجاگر کرتی ہے، اور میں شکر گزار ہوں کہ یہ فلم بہت سے لوگوں کے دل کو چھو سکی۔
Post Views: 5.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: یہ فلم
پڑھیں:
پنجاب پولیس کی خاتون افسر نے دوران سروس پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کر لی
لاہور: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں تعینات انٹیلیجنس آفیسر ڈاکٹر حافظہ فرح اصغر نے پنجاب یونیورسٹی سے مائیکروبیالوجی اور مالیکیولر جینیٹکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کر لی۔فرح اصغر والدین کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس پہنچیں جہاں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انہیں شاندار تعلیمی کامیابی پر مبارکباد دی اور حوصلہ افزائی کی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ فرح اصغر جیسے باصلاحیت افسران فورس کا فخر ہیں، پنجاب پولیس میں پی ایچ ڈی، ایم فل اور انجینئرنگ سمیت اعلیٰ تعلیم یافتہ افسران موجود ہیں جو ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
Post Views: 7