قطر اور ایمریٹس ایئرلائن کاغیرملکیوں کو ملازمتیں دینے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 1st, August 2025 GMT
– افغانستان میں طالبان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ خلیجی ریاست قطر 3,100 افغان شہریوں کو ملازمتیں فراہم کرے گی۔ یہ معاہدہ رواں ماہ دونوں ممالک کے درمیان طے پایا، جس کا مقصد افغانستان میں بڑھتی ہوئی غربت اور بے روزگاری پر قابو پانا ہے۔
افغان وزارت محنت کے ترجمان سمیع اللہ ابراہیمی کے مطابق، منگل سے ملک بھر کے مراکز میں درخواستیں جمع کرانے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ اب تک کابل اور مضافاتی علاقوں سے 8,500 سے زائد افراد نے خود کو رجسٹر کروا لیا ہے، جبکہ پورے ملک سے 15,500 سے زیادہ درخواستوں کی توقع ہے۔
صرف قندھار میں 1,000 اور ہرات میں 2,000 کے قریب افراد نے ملازمت کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ قطر میں یہ ملازمتیں افغانستان کے شہریوں کے لیے ایک اہم معاشی موقع فراہم کریں گی۔
دوسری جانب، دنیا کی معروف ایئرلائن ایمریٹس نے بھی عالمی سطح پر نئی بھرتیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ دبئی کی قومی ایئرلائن ایمریٹس گروپ نے اپنے عالمی توسیعی منصوبے اور ٹیلنٹ ایکوزیشن پالیسی کے تحت کیبن کریو کی بھرتی شروع کی ہے۔
ایئرلائن نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا یہ صرف ایک یونیفارم نہیں، بلکہ ایک طرزِ زندگی ہے۔ امارات کیبن کریو ٹیم کا حصہ بنیں اور دیکھیے کہ یہ سفر آپ کو کہاں لے جاتا ہے
دلچسپی رکھنے والے امیدوار ایمریٹس گروپ کیریئرز کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ بھرتی کی سرگرمیاں دبئی سمیت منتخب بین الاقوامی شہروں میں ہفتہ وار بنیادوں پر منعقد کی جاتی ہیں۔ صرف شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کو انٹرویو کے لیے مدعو کیا جاتا ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
افغانستان سے تجارتی معاہدے کے تحت زرعی اشیا پر ڈیوٹی، ٹیکسز میں رعایت کا فیصلہ
اسلام آباد:وفاقی حکومت نے افغانستان کے ساتھ طے پانے والے تجارتی معاہدے کے تحت مخصوص زرعی اشیا کی درآمد پر ڈیوٹی ٹیکسوں میں رعایت دینے کا فیصلہ کرلیا اور اس معاہدے کے تحت افغانستان کی 4 مصنوعات پر 5 سے 26 فیصد ٹیکس رعایت دیا جائے گا۔
وفاقی وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے وزارت تجارت کی سمری کی منظوری لی گئی ہے، ارلی ہارویسٹ پروگرام کے تحت وفاقی کابینہ نے ٹیرف میں رعایتوں کی منظوری دی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ارلی ہارویسٹ پروگرام کے تحت پاک-افغان دوطرفہ تجارت میں اضافہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان ارلی ہارویسٹ پروگرام کا معاہدہ گزشتہ ہفتے طے پایا تھا، پروگرام کے تحت مخصوص زرعی مصنوعات پر ترجیحی ٹیرف رعایتیں ملیں گی، افغانستان کی 4 مصنوعات پر پاکستان 5 سے 26 فیصد ٹیکس رعایت دے گا۔
اسی طرح افغانستان کے ٹماٹر پر پاکستان 5 فیصد ڈیوٹی ختم کرے گا، اس کمی کے بعد ٹماٹر پر ٹیکس27 سے کم ہو کر 22 فیصد رہ جائے گا۔
ذرائع کے مطابق افغانستان سے درآمد کیے جانے والے انگور، انار اور سیب پر پاکستان 26 فیصد ڈیوٹی ختم کردے گا اور کمی کے بعد ان 3 مصنوعات پر ٹیکسز 53 سے کم ہو کر 27 فیصد رہ جائیں گے۔
دوسری طرف افغانستان بھی 4 پاکستانی مصنوعات پر 20 سے 35 فیصد ٹیکس رعایت دے گا، فغانستان پاکستانی آلو پر 35 فیصد اور کیلے پر 30 فیصد کسٹمز ڈیوٹی کم کرے گا، افغانستان کو آلو کی برآمدات پر ٹیکسز 57 سے کم ہو کر 22 فیصد رہ جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ افغانستان پاکستانی کینو اور آم پر 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی کم کرے گا جس کے بعد ان مصنوعات پر ٹیکسز 47 سے کم ہو کر 27 فیصد پر آجائیں گے، دونوں ممالک چار چار زرعی مصنوعات پر کسٹمز ڈیوٹی ختم یا کم کریں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹیرف میں رعایت کے باوجود دونوں ممالک کی جانب سے 22 سے 27 فیصد ٹیکس لاگو رہیں گے، ٹیکس رعایتوں کا اطلاق یکم اگست 2025سے 31جولائی 2026 تک ہوگا اور دونوں ممالک جامع ترجیحی تجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات شروع کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات ارلی ہارویسٹ پروگرام کی کارکردگی اور باہمی اطمینان کی بنیاد پر ہوں گے۔