وزیر خارجہ کی زیرصدارت اجلاس؛ پاکستانی مشنز میں ویزا اجرا کا عمل تیز کرنے کی ہدایت
اشاعت کی تاریخ: 9th, August 2025 GMT
اسلام آباد:
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستانی مشنز میں ویزا اجرا کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں 2024ء کے دوران پاکستان کے غیر ملکی مشنز میں ویزا عمل سے متعلق متعارف کروائی گئی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزارت خارجہ کے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ہدایت کی کہ ویزا کے طریقہ کار کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے، کارکردگی میں بہتری لائی جائے اور ویزا کے اجرا کے عمل کو تیز تر کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے لیے سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات‘ فلسطین‘ مشرق وسطی میں امن کوششوں پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نائب وزیراعظم سے امریکی ناظم الامور نے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے آئندہ ہفتہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان اومان مشترکہ وزارتی کمشن کے 8 ویں اجلاس کے لیے پاکستان کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے لیے بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں دوطرفہ تعاون کے تمام اہم شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، افرادی قوت کی برآمد اور بحری تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاک اومان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع اور نتیجہ خیز نقطہ نظر پر زور دیا۔ انہوں نے اہم شعبوں میں ایم او یوز، تعلیم، لاجسٹکس اور قونصلر امور میں تعاون کو بڑھانے اور برآمدات سمیت روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ایم طارق باجوہ، سیکرٹریز برائے اقتصادی امور ڈویژن اور داخلہ کے علاوہ اومان میں پاکستان کے سفیر‘ وزارت خارجہ اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر نمائندے شریک ہوئے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے پاک امریکہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں فلسطین اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی کوششوں، مشرق وسطیٰ سے متعلق امریکہ اور عرب و اسلامی ممالک کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔