* قیصر احمد شیخ کی جانب سے جشن آزادی پاکستان کے موقع پرہزاروں موٹر سائیکل سواروں کو 5 لیٹر پیٹرول کا تحفہ
اشاعت کی تاریخ: 15th, August 2025 GMT
چنیوٹ(نیوز ڈیسک) یومِ آزادی پاکستان کے پُرمسرت موقع پر وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، قیصر احمد شیخ نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ضلع چنیوٹ اور گردونواح سے آنے والے ہزاروں موٹر سائیکل اور رکشہ سواروں کو فی کس پانچ لیٹر مفت پٹرول کا تحفہ پیش کیا۔ تقریب کے دوران ضلع چنیوٹ سمیت دور دراز علاقوں سے آئے نوجوان بڑی تعداد میں سبز ہلالی پرچم لہراتے ہووے ڈیرہ قیصر احمد شیخ پہنچے، جہاں وفاقی وزیر نے اپنے ہاتھ سے شرکاء کو پٹرول کی پرچیاں تقسیم کیں۔ نوجوانوں کا کہنا تھا کہ یہ صرف جشنِ آزادی کی خوشی نہیں بلکہ عوام اور قیادت کے درمیان محبت و یکجہتی کی ایک مضبوط علامت ہے۔ کئی شرکاء نے بتایا کہ وہ ہر سال اس تقریب میں شریک ہو کر خوشی محسوس کرتے ہیں اور گھنٹوں قطار میں کھڑے ہو کر یہ تحفہ حاصل کرتے ہیں۔
ہزاروں افراد کی موجودگی کے باوجود تقریب میں مثالی نظم و ضبط قائم رہا۔ شرکاء نے ایک دوسرے کے ساتھ احترام و محبت کا مظاہرہ کیا اور فضا ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ میڈیا سے گفتگو میں قیصر احمد شیخ نے کہا کہ نوجوان ملک کی اصل طاقت ہیں اور پاکستان اس وقت ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں پاکستان کی آواز سنی جا رہی ہے اور عالمی سطح پر اس کا تشخص مزید بہتر ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ عرصے میں عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تاثر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ایک بڑی بین الاقوامی کمپنی نے پاکستان کی ریٹنگ میں اضافہ کیا ہے، جبکہ اس سے قبل دنیا کی دو بڑی کمپنیوں نے بھی پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر قرار دی تھی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج، جو دو سال قبل 40 ہزار پوائنٹس پر تھی، اب ڈیڑھ لاکھ پوائنٹس کے قریب پہنچ چکی ہے، جو ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکی منڈی میں پاکستان کو 19 فیصد ٹیرف رعایت ملی ہے، جو بھارت (50 فیصد) اور جنوبی افریقہ (30 فیصد) کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے۔ اس رعایت سے پاکستانی برآمدات کو مسابقتی برتری حاصل ہوگی اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے جنوبی افریقہ سمیت متعدد ممالک کا دورہ کیا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں صنعت قائم کرنے کی دعوت دی ہے۔
قیصر احمد شیخ نے مزید بتایا کہ حکومت نے چنیوٹ میں ایک جدید انڈسٹریل ہب قائم کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے، جو مستقبل میں برآمدات کا اہم مرکز بنے گا۔ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ نوجوانوں کی تعلیم اور ہنرمندی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ہنر مند افرادی قوت نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی صنعتوں میں اپنا کردار ادا کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی حیثیت کے لحاظ سے وسطی ایشیائی ممالک کے لیے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے سرمایہ کار یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ترقی اور سرمایہ کاری کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں، غربت میں کمی ہو، روزگار کے مواقع بڑھیں اور تعلیم عام ہو تاکہ پاکستان ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر دنیا میں اپنی پہچان برقرار رکھے۔
Post Views: 2.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی میں ہیوی ٹریفک گردی کا سلسلہ جاری، 2 موٹرسائیکل سوار کچلے گئے
حادثے کے بعد مشتعل افراد نے موقع پر جمع ہوکر واٹر ٹینکر پر پتھراؤ کیا گیا اور نذر آتش کی بھی کوشش کی گئی، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر واٹر ٹینکر نذر آتش ہونے سے بچا لیا۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ہیوی گاڑیوں کے جان لیوا حادثات تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہے، نارتھ کراچی میں واٹر ٹینکر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار نوجوان کی جان لے لی۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی دو منٹ چورنگی یوٹرن کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے موقع پر جمع ہوکر واٹر ٹینکر پر پتھراؤ کیا گیا اور نذر آتش کی بھی کوشش کی گئی، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر واٹر ٹینکر نذر آتش ہونے سے بچا لیا۔ متوفی نوجوان کی لاش چھیپا کے رضاکاروں نے ضابطے کی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کی، جس کی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی، تاہم عمر 20 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔ بلال کالونی پولیس نے واٹر ٹینکر اور متوفی کی موٹر سائیکل اپنے قبضے میں لیکر اسے تھانے منتقل کر دی، جبکہ پولیس متوفی نوجوان کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کر رہی ہے۔
قبل ازیں سپر ہائی وے پاکستان کانٹے کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 27 سالہ محمد نواز کے نام سے کی گئی۔ ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا ولایت شاہ نے بتایا کہ حادثہ مزدا لوڈنگ ٹرک کی ٹکر سے پیش آیا ہے، جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے مزدا ٹرک کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔