خیبر پختونخوا: سیلاب متاثرہ علاقوں میں ایٹا کے تمام ٹیسٹ ملتوی
اشاعت کی تاریخ: 16th, August 2025 GMT
پشاور:
خیبر پختونخوا کے بالائی اور زیریں دیر سمیت چترال کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آج ہونے والے ایٹا کے تمام ٹیسٹ ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
ایٹا حکام کے مطابق متاثرہ اضلاع میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث امتحانات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔
ڈائریکٹر ایٹا نے بتایا کہ ملتوی کیے گئے ٹیسٹ کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ و طالبات کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام فیصلے حالات بہتر ہونے پر کیے جائیں گے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کے پی میں تعینات فوج سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی میں بھرپور مدد کرے گی، فیلڈ مارشل
راولپنڈی:فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں تعینات فوج سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی میں بھرپور مدد کرے گی اور اس حوالے سے فوج کوخصوصی ہدایات بھی جاری کردیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیرنے خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی سے متعلق خصوصی ہدایات دیں اور کہا کہ خیبر پختونخوا میں تعینات فوج سیلاب سے متاثر عوام کی بحالی میں بھرپور مدد کرے گی، اس سلسلے میں اضافی فوجی دستے بھی بھیجے جا رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج نے ایک دن کی تنخواہ خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے وقف کر دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے اپنا ایک دن کا راشن جو تقریباً 600 ٹن سے زیادہ بنتا ہے، خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی امداد کے لیے مختص کر دیا۔
فیلڈ مارشل نے کور آف انجینئرز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں کہ پلوں کی مرمت کا کام جلد مکمل کرے اور جہاں ضروری ہو عارضی پل قائم کیے جائیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آرمی کے نائن یونٹ کے ریسکیو سنیفنگ ڈاگ یونٹ کو بھی سرچ اینڈ ریسکیو کے لیے بھیجا جا رہا ہے اور آرمی کی خصوصی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی آرمی چیف کی ہدایت پر تعینات کر دی گئی ہے۔
پاک فوج کے ہیلی کاپٹر اور آرمی ایوی ایشن کو پہلے سے ہی خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے، پاک فوج مشکل کی ہر گھڑی میں خیبرپختونخوا کے بہادر عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔