حافظ آباد میں خونی واردات، نامعلوم ملزمان نے تین افراد کو قتل کے بعد جلا دیا
اشاعت کی تاریخ: 17th, August 2025 GMT
حافظ آباد:
پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں خوفناک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ایک کار پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور پھر جاں بحق افراد کو گاڑی سمیت جلا دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اسد اللہ پور کے قریب پیش آیا جہاں دشمنی کی بنیاد پر گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔
جاں بحق ہونے والوں میں محمد حسین، محمد عثمان اور رائے شہزاد شامل ہیں، جن کی لاشیں مکمل طور پر جھلس چکی تھیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر جھلسی ہوئی نعشوں کو ضلعی اسپتال منتقل کیا۔
ابتدائی تفتیش میں واقعے کو پُرانی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پولیس ہر پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے۔
قاتل واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تھانہ ونیکے تارڑ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
محمود آباد میں سالے نے فائرنگ کر کے بہنوئی اور بھانجے کو قتل کر دیا، خاتون سمیت 4 افراد زخمی
کراچی:محمود آباد کے علاقے اعظم بستی میں جھگڑے کے دوران سالے نے فائرنگ کر کے بہنوئی اور بھانجے کو قتل کر دیا اور فائرنگ سے ایک خاتون اور دو بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے ملزم اور اس کے 2 بیٹوں کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا۔
ایس ایچ او محمود آباد اعجاز پٹھان نے بتایا کہ مقتول کی شناخت غلام ربانی اور ان کے بیٹے کی 35 سالہ بلال کے نام سے ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ سے 48 سالہ عالیہ جاوید، 45 سالہ جاوید ان کی بیٹی 14 سالہ ماہم اور 12 سالہ بیٹا ابوبکر زخمی ہوگیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتولین اور ملزمان ایک ہی گلی کے رہائشی ہیں اور ان کا آبائی تعلق اٹک سے بتایا جاتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے تاہم پولیس نے فائرنگ میں ملوث 3 ملزمان ملک فتح اور ان کے دو بیٹوں ملک وقاص اور ملک عاصم کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
اعجاز پٹھان نے کہا کہ ملزمان، مقتولین اور زخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مقتولین اور ملزمان کے درمیان محرم میں بھی جھگڑا ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول نجی آئل کمپنی سے ریٹائر ہوا تھا تاہم پولیس زخمیوں کے بیانات بھی قلم بند کرتے ہوئے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔