سرکاری ملازم پر تشدد کیس: ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی سمیت دیگر ملزمان کی عدم پیشی،عدالت کا اظہار برہمی
اشاعت کی تاریخ: 30th, August 2025 GMT
انسداد دہشت گری کراچی کی منتظم عدالت نے ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی و دیگر کیخلاف سرکاری ملازمین پر تشدد اور دھمکانے کے مقدمے میں رہائی سے متعلق زیر دفعہ 497 رپورٹ پر نوٹس جاری کردیئے۔
کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں منتظم عدالت کے روبرو ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی و دیگر کیخلاف سرکاری ملازمین پر تشدد اور دھمکانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
پراسیکیوٹر، ملزمان اور مدعی کے وکیل اور تفتیشی افسر پیش ہوئے، تفتیشی افسر نے ملزمان کی رہائی سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کہاں ہیں؟ مدعی کہاں ہیں؟ وکیل صفائی نے مؤقف دیا کہ مدعی کے وکیل موجود ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس نے ملزمان کو ریلیف دے دیا، دیکھنا ہے کہ 497 اس کیس میں بنتا ہے یا نہیں، عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ملزمان سے مچلکے لئے ہیں یا ایسے ہی چھوڑ دیا؟
تفتیشی افسر نے کہا کہ جی 10 لاکھ روپے کے مچلکے لیے ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ کہاں ہیں مچلکے؟ تفتیشی افسر نے مچلکے سے متعلق رپورٹ پیش کی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس رپورٹ میں لکھا ہے کہ ضامن ملزمان کو 30 تاریخ کو پیش کرے گا۔
عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ ملزمان کہاں ہیں؟ کیوں پیش نہیں کیا گیا؟ تفتیشی افسر کو قانون کی سمجھ بوجھ ہوتی تو ضامن کی آج زر ضمانت ضبط ہوجاتی۔
عدالت یہ دیکھے گی کہ تفتیشی افسر نے جو اختیارات کا استعمال کیا ہے وہ قانون کے مطابق ہے بھی یا نہیں۔
عدالت ملزمان کی رہائی سے متعلق زیر دفعہ 497 رپورٹ پر ملزمان کو نوٹس جاری کردیئے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ قانون کے مطابق اس رپورٹ پر فیصلہ کیا جائے گا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان اور ضامن کو پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 2 ستمبر تک ملتوی کردی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: تفتیشی افسر نے عدالت نے کہاں ہیں
پڑھیں:
26 نومبر احتجاج کیس، 11 ملزمان پر فرد جرم عائد
فائل فوٹواسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں 11ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی۔
دوران سماعت ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمات کی سماعت اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
پولیس نے عدالت میں 195 ملزمان کی حد تک چالان پیش کر دیا، عدالت نے 184 غیر حاضر ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔
جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ تھانہ سیکریٹریٹ میں درج مقدمے میں 195 کارکنان بطور ملزمان شامل ہیں۔