وسیم اکرم کا بابر اعظم کو دباؤ سے نکلنے، تنقید نظر انداز کرنے کا مشورہ
اشاعت کی تاریخ: 1st, September 2025 GMT
کراچی (اسپورٹس ڈیسک) سابق کپتان وسیم اکرم نے فارم میں واپسی کے لیے بابر اعظم کو بڑا مشورہ دیا ہے۔
ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ بابر اعظم پاکستان کے سپر اسٹار اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ انہیں تنقید کو نظر انداز کرکے اپنی کلاس پر بھروسہ کرنا چاہیے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ فارم وقتی ہوتی ہے لیکن کلاس ہمیشہ قائم رہتی ہے، بابر کو پُرسکون رہتے ہوئے اپنی بیٹنگ پر توجہ دینی چاہیے اور غیر ضروری پریس کانفرنسز سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم کے پاس میچ ونر کی تمام صلاحیتیں ہیں۔ ان کے ٹیلنٹ اور تسلسل پر کوئی شک نہیں، اب وقت آگیا ہے کہ وہ اپنی بیٹنگ سے دو تین بڑے میچز جتوا کر اپنی حیثیت مزید منوائیں۔
خیال رہے کہ بابر اعظم کی آخری انٹرنیشنل سنچری ایشیا کپ 2023 میں نیپال کے خلاف بنی تھی۔ اس کے بعد سے وہ تین ہندسوں تک نہیں پہنچ سکے اور کم اسٹرائیک ریٹ کے باعث ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے بھی ڈراپ ہو چکے ہیں۔
Post Views: 5.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
’بابر اعظم کی نصف سنچری کے ساتھ فارم میں واپسی، شکرگزاری کا پیغام وائرل‘
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف فیصلہ کن میچ میں شاندار کارکردگی دکھا کر نہ صرف ٹیم کو کامیابی دلائی بلکہ ایک معنی خیز پیغام کے ذریعے اپنی خاموشی بھی توڑ دی۔
بابر اعظم نے میچ کے اگلے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا:
’شکر گزار ہوں کہ میں دوبارہ وہی کر رہا ہوں جو مجھے پسند ہے۔ اُن سب کا شکریہ جنہوں نے خاموشی کے وقت میں مجھ پر یقین رکھا‘۔
یہ پیغام ان کے مداحوں اور ناقدین، دونوں کے لیے واضح اشارہ تھا کہ بابر ایک بار پھر اعتماد کے ساتھ میدان میں واپس آ چکے ہیں۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم نے 47 گیندوں پر 68 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی اس کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ مئی 2024 کے بعد بابر اعظم کی پہلی نصف سنچری تھی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے حق میں مبارک بادوں اور تعریفوں کا طوفان آ گیا۔
مداحوں نے بابر کی فارم میں واپسی کو ’نئی شروعات‘ قرار دیتے ہوئے انہیں ’کپتان دلوں کا‘ اور ’پچ کا بادشاہ‘ جیسے القابات سے نوازا۔
بابر اعظم کی یہ اننگز نہ صرف ان کی صلاحیتوں کا ثبوت بنی بلکہ اس خاموش عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے جو وہ مشکل وقت میں اپنے ساتھ لے کر چلتے رہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
Babar azam