جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ کرکٹ کے ساتھ پاکستان واپسی، مجوزہ شیڈول جاری
اشاعت کی تاریخ: 4th, September 2025 GMT
لاہور(سپورٹس ڈیسک) چار سال سے زائد عرصے بعد جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ تمام فارمیٹس کی سیریز کا ابتدائی شیڈول سامنے آگیا ہے، جس کے تحت لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کریں گے۔
ٹیسٹ سیریز
پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
ون ڈے سیریز
راولپنڈی میں ہی 28 اکتوبر کو ون ڈے سیریز کا آغاز ہوگا، جب کہ باقی دو میچز 31 اکتوبر اور 2 نومبر کو فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ اس سے شہر میں طویل عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوگی۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز
ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 5 نومبر کو متوقع طور پر ملتان میں ہوگا، تاہم وفد کے دورہ نہ کرنے کے باعث امکانات کم ہیں۔ سیریز کے دیگر دو میچز 8 اور 9 نومبر کو لاہور میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔
شیڈول فائنل نہیں
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ صرف مجوزہ شیڈول ہے اور دونوں بورڈز کی حتمی منظوری کے بعد ہی تاریخوں اور وینیوز کو فائنل کیا جائے گا۔ ردوبدل کے امکانات بھی موجود ہیں۔
یاد رہے کہ پروٹیز نے آخری بار جنوری-فروری 2021 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں ٹیسٹ سیریز میں انہیں وائٹ واش اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-2 سے شکست ہوئی تھی۔
اس سے قبل اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد کو 17 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کا موقع ملنے والا تھا، لیکن پی ایس ایل میچز ری شیڈول ہونے کے باعث وہ سیریز صرف لاہور میں کرائی گئی تھی۔
Post Views: 5.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پاک بھارت میچ کا تنازع شدت اختیار کر گیا، پی سی بی کا میچ ریفری کو ہوم سیریز سے ہٹانے کا مطالبہ
پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ ایشیا کپ میچ میں پیش آنے والے ایک تنازع نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے طرزِ عمل پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آئندہ ماہ ہونے والی پاکستان-جنوبی افریقہ ہوم سیریز سے بھی ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ۔
پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ خط کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی مینز ٹیم کے دورۂ پاکستان کے دوران اینڈی پائی کرافٹ کی بطور میچ ریفری تعیناتی پاکستان کو قبول نہیں۔
معاملہ کیا ہے؟
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب ایشیا کپ کے پاک-بھارت میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان آغا کو ہدایت کی کہ ٹاس کے بعد شیک ہینڈ (مصافحہ) نہیں ہوگا۔ اس سے قبل انہوں نے پاکستانی میڈیا منیجر کو یہ بھی کہا تھا کہ یہ تمام مناظر “ریکارڈ” نہ کیے جائیں۔
میچ کے اختتام پر پاکستانی ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے اس رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، جس پر ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل نے جواب دیا کہ “بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایات پر عمل کیا گیا ہے”، اور بعد میں یہ بات کہی گئی کہ یہ ہدایات دراصل بھارتی حکومت کی طرف سے آئی تھیں۔
پاکستان کا سخت مؤقف
پی سی بی نے اس واقعے کو کرکٹ کی روح کے منافی قرار دیا ہے اور آئی سی سی کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر میچ ریفری کو تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں اپنے باقی میچز نہیں کھیلے گا۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اس حوالے سے کہا کہ ہم نے آئی سی سی کو باضابطہ شکایت جمع کروائی ہے۔ میچ ریفری کا رویہ کرکٹ کے جذبے اور اصولوں کے خلاف تھا، ایسے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں۔”
سیریز پر اثرات؟
جنوبی افریقہ کی ٹیم آئندہ ماہ آل فارمیٹ سیریز کے لیے پاکستان آنے والی ہے، جس میں اینڈی پائی کرافٹ کو میچ ریفری نامزد کیا گیا تھا۔ لیکن اب پاکستان نے کھل کر کہہ دیا ہے کہ وہ ان کی موجودگی میں یہ میچز قبول نہیں کرے گا۔
یہ تنازع ایشیا کپ اور پاکستان کی ہوم سیریز، دونوں پر اثر ڈال سکتا ہے، اور اس بات کا امکان ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ معاملہ مزید شدت اختیار کرے۔