ملتان: جلال پور پیروالہ میں بند ٹوٹنے سے پانی نے بستیوں کا رُخ کردیا، امدادی سرگرمیاں جاری
اشاعت کی تاریخ: 8th, September 2025 GMT
پنجاب اور سندھ میں دریاؤں میں بلند سطح کے پانی نے تباہی مچا دی ہے۔ ملتان کے جلال پور پیروالا میں مقامی بند ٹوٹنے سے درجنوں بستیاں ڈوب گئیں اور مکین گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ نے جلال پور پیروالا اور شجاع آباد میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے شہر خالی کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سندھ میں ممکنہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ادارے الرٹ رہیں، صدر مملکت آصف زرداری کی ہدایت
دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ ہیڈ پنجند پر پانی کی آمد اور اخراج 6 لاکھ 9 ہزار 669 کیوسک جبکہ ہیڈ تریموں پر بہاؤ 5 لاکھ 43 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ حکام کے مطابق بند کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے، جسے بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
دریائے راوی میں بھی پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔ ہیڈ بلوکی پر بہاؤ ایک لاکھ 39 ہزار اور ہیڈ سدھنائی پر ایک لاکھ 23 ہزار کیوسک تک جا پہنچا۔
جھنگ میں دریائے چناب کا دوسرا ریلا داخل ہونے سے 300 سے زیادہ دیہات متاثر اور تقریباً 2 لاکھ 81 ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ مظفرگڑھ کے علاقے عظمت پور میں بھی بند ٹوٹنے سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔
ادھر بہاولپور میں دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب داخل ہوچکا ہے۔ پانی ناردرن بائی پاس کے قریب پہنچ کر بستیوں میں داخل ہوگیا۔ دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 19 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر اونچے اور ہیڈ اسلام پر درمیانے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیے: چناب و ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، پنجاب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری
پنجاب میں تباہی پھیلانے کے بعد سیلابی ریلے سندھ کی جانب بڑھ گئے ہیں۔ گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں پانی کا بہاؤ 4 لاکھ کیوسک سے تجاوز کرگیا۔ راجن پور میں دریائے سندھ کے کچے کے علاقے تیزی سے زیر آب آرہے ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: درجے کا سیلاب
پڑھیں:
پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز
پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کےلیے ڈرون مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے ڈرون مانیٹرنگ سے سیلابی ریلے کی آمد کی نشاندہی ممکن ہوگی۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی ڈرون سرویلنس شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تریموں بیراج میں ڈرون سرویلنس کے دوران واٹر لیول نارمل پایا گیا، پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج میں بھی واٹر لیول کی ڈرون مانیٹرنگ کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں دریائے چناب کے طالب والا پل پر ڈرون مانیٹرنگ میں پانی کا بہاؤ نارمل پایا گیا۔ ہیڈسدھنائی پر ڈرون مانیٹرنگ سے پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ہیڈ مرالہ میں ڈرون سرویلنس کے دوران پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ منڈی بہاؤالدین کے رسول بیراج پر بھی پانی کا مانیٹر کیا گیا۔