راولپنڈی:

راولپنڈی کے نواحی علاقے روات ٹی چوک، اسلام آباد کے قریب دو مال بردار ٹرکوں کے درمیان پیش آنے والے خوفناک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ چھ شدید زخمی ہو گئے۔

حادثے کے فوری بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

ریسکیو 1122 راولپنڈی کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پیاز سے بھرا ایک ٹرک سڑک پر الٹ گیا، پیچھے سے آنے والا دوسرا وزنی سامان سے لدا ٹرک اسے بچانے کی کوشش میں بے قابو ہو کر اس پر چڑھ گیا جس سے دونوں ٹرک بری طرح متاثر ہوئے اور آٹھ افراد نیچے دب گئے۔

دبنے والے تمام افراد ٹرکوں کے قریب موجود تھے اور کچھ ٹرک کے اوپر یا آس پاس بیٹھے ہوئے تھے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ جائے وقوعہ پر ہی دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ باقی چھ زخمی حالت میں ملبے تلے دبے رہے۔

ریسکیو 1122 نے اطلاع ملتے ہی بروقت کارروائی کا آغاز کیا جبکہ ریسکیو آپریشن میں چار ایمبولینسز، ایک فائر ٹرک، ایک ایمرجنسی وہیکل سمیت سات ریسکیو گاڑیاں اور 30 سے زائد اہلکار شریک ہوئے۔

ریسکیو اہلکاروں نے بھاری سامان اور ٹرک کے ملبے کو ہٹا کر متاثرین کو نکالا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد پولی کلینک اسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی اسپتال منتقل کر دی گئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ فیصل اور 44 سالہ جنید خان کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے جبکہ ان کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔

زخمیوں میں 20 سالہ حسن علی، 25 سالہ علی حسن، 18 سالہ محمد نعیم، 19 سالہ زبیر محمد، 32 سالہ عبد الحفیظ، اور 27 سالہ دلاور علی شامل ہیں۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ریسکیو 1122 راولپنڈی کا کہنا ہے کہ زیادہ تر متاثرہ افراد کا تعلق ضلع شیخوپورہ سے ہے، جو مال برداری کے کام کے سلسلے میں اسلام آباد آ رہے تھے۔ حادثے کے نتیجے میں ٹرکوں میں لدا سامان سڑک پر بکھر گیا جس کی وجہ سے سڑک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

.

ذریعہ: Express News

پڑھیں:

کراچی، پانچ دنوں میں آتشزدگی کے متعدد واقعات، اربوں روپے کا نقصان، دو افراد جاں بحق

کراچی:

شہر قائد میں گزشتہ پانچ دنوں کے دوران آتشزدگی کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں اربوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق، کراچی کے 12 مختلف مقامات پر آگ لگنے کے واقعات پیش آئے، جن میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

جامعہ کراچی کے قریب گلشنِ نور اپارٹمنٹ کے پاس جھاڑیوں میں لگنے والی آگ میں ایک 50 سالہ شخص محمد رفیق ولد محمد شریف انصاری جاں بحق ہوگیا۔

گلشنِ اقبال شانتی نگر میں جھونپڑیوں میں لگی آگ کے نتیجے میں 55 سالہ معذور شخص ایوب جھلس کر جان کی بازی ہار گیا۔

حب چوکی روڈ پر ایک فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے بعد ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرکے آگ پر قابو پالیا۔

سائٹ ایریا شنگریلا انڈسٹری کے قریب گودام میں بھی آگ لگی، جس پر ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر قابو پایا۔

احسن آباد سائٹ ایریا یوٹوپیا انڈسٹری کے قریب فیکٹری میں بھی آگ کی اطلاع ملی، جسے ریسکیو حکام نے بروقت بجھا دیا۔

نادرن بائی پاس پر پلاسٹک کے گودام میں آگ لگی، جسے ریسکیو ٹیموں نے کامیابی سے قابو کیا۔

کیماڑی فشری مارکیٹ کے قریب کشتیوں میں لگی آگ کو ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی سے بڑی تباہی سے بچا لیا۔

کلفٹن ریلوے اسپتال کے قریب اور ایم اے جناح روڈ کے دلپسند سویٹس کے بیسمنٹ میں بھی آگ لگی، جس پر بروقت فائر بریگیڈ نے قابو پایا۔

نارتھ ناظم آباد کے بلاک ای فلیٹ میں آگ لگنے سے بڑا نقصان ہونے سے بچا۔

سب سے شدید آتشزدگی کا واقعہ بلدیہ مواچھ گوٹھ میں پیش آیا، جہاں ایک گودام میں شدید آگ لگی اور تیسرے درجے کی شدت اختیار کر گئی۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ 13 سے زائد فائر ٹینڈرز کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر قابو پانے کی کوشش میں مصروف ہیں، تاہم خوش قسمتی سے ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

متعلقہ مضامین

  • لاہور میں ٹریفک حادثہ: بوتلوں سے بھرا ٹرک رکشے پر الٹ گیا، چار افراد جاں بحق
  • امریکی صدر کے حکم پر کیریبین میں منشیات بردار کشتی پر حملہ، 3 افراد ہلاک
  • میکسیکو: سپر اسٹور میں دھماکے بعد خوفناک آتشزدگی، 22 افراد ہلاک
  • شادی کی خوشیاں غم میں بدل گئیں
  • ماڑی پور میں اسکول سے واپسی پرٹریفک حادثے میں طالبعلم جاں بحق
  • کھارادر ، رہائشی عمارت کی لفٹ گرنے سے 10 افراد زخمی
  • کھارادر کی عمارت میں لفٹ گرگئی، 10 افراد زخمی
  • محرابپور،گروہی تصادم ،متعدد افراد زخمی
  • ڈی آئی خان: فائرنگ سے ایف سی اہلکار شہید، راہگیر زخمی
  • کراچی، پانچ دنوں میں آتشزدگی کے متعدد واقعات، اربوں روپے کا نقصان، دو افراد جاں بحق