سوشل میڈیا پر دل جیتا، پھر سونا لوٹا، شوہر کی چوری نے سب کو چونکا دیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, September 2025 GMT
لاہور:
لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن کی ایک خاتون کو اپنے شوہر پر کیا گیا بھروسہ مہنگا پڑ گیا، جب شادی کے دو سال بعد 80 تولے سونے کی چوری کا الزام اسی کے شوہر پر عائد ہو گیا۔
خاتون کی فیصل جاوید نامی شخص سے دوستی سوشل میڈیا پر ہوئی جو جلد ہی رشتے میں بدل گئی۔ دو سال قبل دونوں نے باقاعدہ نکاح کر لیا اور ازدواجی زندگی کا آغاز کیا۔
سب کچھ معمول کے مطابق چل رہا تھا، یہاں تک کہ چند دن قبل خاتون اپنی بہن کے گھر گئیں اور پیچھے سے ان کے ساتھ ایسا دھوکا ہو گیا جس کی انہوں نے کبھی توقع بھی نہ کی تھی۔
گھر واپسی پر خاتون نے دیکھا کہ گھر سے تقریباً 3 کروڑ روپے مالیت کے زیورات غائب ہیں، فوری طور پر تھانہ ماڈل ٹاؤن میں شکایت درج کروائی گئی۔
شکایت میں بتایا گیا کہ 80 تولے سونے کے زیورات گھر سے غائب ہیں اور کسی قسم کی توڑ پھوڑ یا زبردستی داخلے کا کوئی نشان بھی موجود نہیں تھا۔
پولیس نے ابتدائی حالات کو مشکوک جانتے ہوئے تفتیش کا دائرہ خاندانی افراد تک بڑھایا اور خاتون کے شوہر مہر فیصل جاوید کو شاملِ تفتیش کر لیا اور تین گھنٹے کی سخت تفتیش کے بعد بالآخر فیصل جاوید نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔
ملزم نے بتایا کہ اس نے بیوی کی غیر موجودگی میں زیورات چرا کر انہیں گھر میں ہی چھپا دیا تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی نشاندہی پر تمام طلائی زیورات برآمد کر لیے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سوشل میڈیا پر لڑکیوں کی بکنگ ہو رہی، ڈراموں میں اداکاروں کو کمبل میں دکھایا جا رہا ہے، مشی خان
اداکارہ و ٹی وی میزبان مشی خان نے سوشل میڈیا کی طرح ڈراموں میں بھی نامناسب اور فحش مواد دکھانے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیس بک اور انسٹاگرام سمیت تمام پلیٹ فارمز پر لڑکیوں کی بکنگ ہو رہی ہے جب کہ ڈراموں میں اداکاروں کو ایک ساتھ کمبل میں سوتے دکھایا جا رہا ہے۔
مشی خان نے ڈراموں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑھتی عریانیت اور فحاشی پر سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ جس بھی پلیٹ فارم پر جائیں، وہاں نامناسب مواد دیکھنے کو ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گاؤں کی خواتین انتہائی تنگ کپڑے پہن کر نامناسب انداز میں جھاڑو لگاتی، کھانا بناتی اور پانی بھرتی نظر آتی ہیں، انہیں شرم آنی چاہیے۔
اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ تقریبا تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نامناسب مواد بنایا جا رہا ہے، گاؤں کی خواتین نامناسب انداز میں جھک کر جھاڑو لگاتی دکھائی دیتی ہیں۔
مشی خان کے مطابق سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر نامناسب مواد شیئر کیا جا رہا ہے اور شیئر کرنے والوں کو کسی طرح کا کوئی خوف نہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ فیس بک اور انسٹاگرام سمیت تقریبا تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لڑکیوں کی بکنگ کی جاتی ہے اور پوسٹس نظر آتی ہیں کہ اسلام آباد، لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں لڑکیاں بکنگ کے لیے دستیاب ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر نامناسب مواد شیئر کیے جانے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں کو خدا کا خوف کرنا چاہیے، انہیں اپنے اہل خانہ کی عزت کا خیال رکھنا چاہیے، وہ کسی نہ کسی کو تو منہ دکھاتے ہوں گے، فحش مواد شیئر کرنے کے بعد وہ کس طرح اپنے گھر والوں کو منہ دکھائیں گے؟
اداکارہ نے ٹی وی ڈراموں میں بھی نامناسب اور رومانوی مناظر دکھانے پر اظہار برہمی کیا اور کسی ڈرامے کا نام لیے بغیر کہا کہ اب ٹی وی پر بھی غلط مناظر دکھائے جا رہے ہیں۔
مشی خان کے مطابق اب ڈراموں میں اداکارا و اداکار کو کمبل میں ایک ساتھ سوتے دکھایا جاتا ہے جب کہ دوسری بھی غلط مناظر دکھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ڈرامے بنتے تھے اور وہ مواد کے حوالے سے شاندار ہوتے تھے، وہ ڈرامے بھارت میں بھی پسند کیے جاتے تھے لیکن اب نہ جانے کس طرح کے ڈرامے بنائے جا رہے ہیں؟
مشی خان کی پوسٹ پر صارفین نے کمنٹس کرتے ہوئے ان سے اتفاق کیا اور کہا کہ واقعی سوشل میڈیا پر بہت ہی نامناسب اور فحش مواد استعمال کیا جانے لگا ہے جب کہ ڈراموں میں بھی نامناسب مناظر دکھائے جاتے ہیں۔
View this post on InstagramA post shared by Mishi Khan MK (@mishikhanofficial2)