وفاقی کابینہ کا نئے گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 10th, September 2025 GMT
وفاقی کابینہ نے نئے گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، ساتھ ہی ملک میں زرعی اور ماحولیاتی ایمرجنسی کے نفاذ کی بھی منظوری دی گئی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم اور کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو گیس کے نئے کنکشن فراہم کیے جائیں گے تاکہ اس حوالے سے درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں: گیس بحران کے باوجود حکومت کا 30 ہزار نئے گھریلو کنکشنز دینے پر غور
وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اب آر ایل این جی کے کنکشن جاری ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایل پی جی مہنگا ترین ایندھن ہے جس سے لوگوں کو سلنڈر بھروانے میں دشواری اٹھانی پڑتی ہے، جب کہ آر ایل این جی اگرچہ مہنگی ہے مگر درآمدی ایل پی جی سے 30 سے 35 فیصد کم لاگت پر دستیاب ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ کابینہ اجلاس میں دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے، جن میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کی ذمے داری وفاقی حکومت نے قبول کی ہے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں وزیراعظم کے حالیہ دورۂ چین میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں سیلابی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی، اور وزیراعظم نے ملک بھر میں ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا جسے کابینہ نے بھی منظور کیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات زیر بحث ہیں اور پاکستان بھی ان سے متاثر ہورہا ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل کے مطابق وزیر موسمیاتی تبدیلی 15 دن میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کریں گے جس کے بعد کابینہ اس پر مزید غور کرے گی کہ مستقبل میں ان نقصانات سے بچنے کے لیے کیا اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ نے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ سیلاب کے باعث کسانوں اور کاشتکاروں کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جاسکے اور ان کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: نئے گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم، اب گھریلو استعمال کے لیے کون سی گیس دستیاب ہوگی؟
ان کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں پر عملدرآمد صوبائی حکومتوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، اس لیے وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ جلد وزرائے اعلیٰ کا اجلاس بلا کر انہیں صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews اہم فیصلہ پابندی ختم عوام کے لیے خوشخبری نئے گیس کنکشنز وفاقی کابینہ وی نیوز.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اہم فیصلہ پابندی ختم عوام کے لیے خوشخبری نئے گیس کنکشنز وفاقی کابینہ وی نیوز کرنے کا فیصلہ پابندی ختم وفاقی وزیر کابینہ نے نئے گیس کے لیے
پڑھیں:
وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ: سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ سیلنگ میں 85 فیصد اضافہ منظور
وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ایک بڑا ریلیف پیکج منظور کرتے ہوئے ہاؤس رینٹ سیلنگ میں 85 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔
نجی میڈیا کے مطابق، وفاقی کابینہ نے وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے پیش کی گئی سمری کی منظوری دے دی، جس کے تحت گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام وفاقی ملازمین کو اس اضافے کا یکساں فائدہ حاصل ہوگا۔
یہ اضافہ سرکاری ملازمین کی بڑھتی ہوئی رہائشی مشکلات اور کرایوں میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ حکومت کے مطابق، اس فیصلے سے وفاقی اداروں میں تعینات سیکڑوں سرکاری اہلکاروں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا، تاہم اس سے قومی خزانے پر تقریباً 12 ارب روپے سالانہ کا اضافی بوجھ بھی پڑے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی سالوں سے ہاؤس رینٹ سیلنگ میں خاطر خواہ اضافہ نہیں کیا گیا تھا، جبکہ حالیہ معاشی صورتحال میں رہائش کے اخراجات مسلسل بڑھ رہے تھے۔ ملازمین کی جانب سے اس اضافے کا مطالبہ عرصے سے کیا جا رہا تھا، جسے اب حکومت نے تسلیم کر لیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ اگرچہ ملازمین کے لیے ریلیف کا باعث ہے، لیکن وفاقی بجٹ پر اس کے اثرات نمایاں ہوں گے۔ اس اضافے سے ایک طرف سرکاری عملے کی فلاح یقینی بنے گی تو دوسری طرف مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنا وزارتِ خزانہ کے لیے ایک نیا چیلنج ہوگا۔