کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پی پی کارکن جاں بحق، مقتول قتل کیس کا گواہ تھا
اشاعت کی تاریخ: 21st, September 2025 GMT
کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈالمیا شانتی نگر سندھ ہوٹل کے قریب سیاسی جماعت کے کارکن کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈالمیا شانتی نگر میں فائرنگ کے واقعے میں چالیس سالہ اسماعیل کو نشانہ بنایا گیا جس کا تعلق سیاسی جماعت سے تھا۔ مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایچ او تھانہ عزیز بھٹی کے مطابق ابتدائی تفتیش میں قتل کی واردات ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے، مقتول گھر کے قریب دکان کے باہر موجود تھا جب موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔
مقتول کے اہل خانہ کے مطابق مقتول کا تعلق سیاسی جماعت سے تھا جبکہ اسماعیل خان پاکستان پیپلز پارٹی پی ایس 101 یوسی 7 کے کارکن فائق خان قتل کیس کے گواہ اور فائق خان کے کزن بھی تھے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ 17 مارچ 2025 میں فائق خان کے قتل کی کڑی معلوم ہوتا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مردان: گھر سے خاتون سمیت 3 افراد کی لاشیں برآمد
مردان: خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے شیخ ملتون سیکٹر بی میں ایک گھر سے خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع موصول ہوتے ہی میڈیکل ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور پولیس کی موجودگی میں کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق تینوں لاشوں کو قانونی کارروائی اور ضروری معائنے کے لیے مردان میڈیکل کمپلیکس (ایم ایم سی) اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت جلال، زوجہ جلال اور مصطفیٰ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں، جبکہ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور تفتیشی عمل مکمل ہونے کے بعد واقعے کی اصل نوعیت واضح ہو سکے گی۔
پولیس اور متعلقہ ادارے مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ اہلِ علاقہ میں واقعے کے بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔