حسان نیازی کی کورٹ مارشل کی کارروائی کے خلاف درخواست پر اعتراضات سے متعلق فیصلہ محفوظ
اشاعت کی تاریخ: 23rd, September 2025 GMT
اسلام آباد:
عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی ملٹری کسٹڈی میں تحویل اور کورٹ مارشل کی کارروائی کے خلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے اعتراضات سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس سید شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔
پنجاب حکومت کے وکیل راؤ اورنگزیب نے درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ رجسٹرار آفس کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات درست ہیں، درخواست گزار نے مصدقہ نقول کے لیے کوئی درخواست نہیں دی، آرمی ادارے کے خلاف درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔
وکیل حسان نیازی فیصل صدیقی نے کہا کہ حسان نیازی کی کسٹڈی ملٹری کو ایس ایچ او کی جانب سے دی گئی ہے، باقی لوگ جو ملٹری کے حوالے کیے گئے وہ اے ٹی سی کورٹ کے آرڈر کے تحت ہوئے، رجسٹرار آفس کے اعتراضات درست نہیں، عدالت اعتراضات ختم کرے۔
لاہور ہائیکورٹ نے اعتراضات ختم کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے حسان نیازی نے ملٹری تحویل میں لینے کے نوٹی فکیشن اور کورٹ مارشل کارروائی کو چیلنج کر رکھا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: حسان نیازی
پڑھیں:
26 ویں ترمیم پر فل کورٹ بنانے کا معاملہ، مصطفیٰ نواز کھوکھر کی درخواست پر اعتراضات عائد
اسلام آباد:سپریم کورٹ نے 26 ویں ترمیم پر فل کورٹ تشکیل کے معاملے میں مصطفیٰ نواز کھوکھر کی درخواست پر اعتراضات عائد کردئیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مصطفی نواز کھوکھر کی درخواست اعتراضات کے ساتھ واپس کردی گئی۔
اعتراضات میں کہا گیا کہ درخواست 184(3) کے تحت دائر کی گئی درخواست میں عوامی اہمیت کا کیا معاملہ ہے بتایا نہیں گیا، انفرادی شکایت کو 184(3)کے تحت نہیں دائر کیا جا سکتا۔
کہا گیا کہ درخواست 184(3) کے تحت دائر کرنے پر مطمئن نہیں کیا گیا، ایک درخواست میں متعدد استدعائیں کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ مصطفی نواز کھوکھر نے درخواست میں پریکٹس پروسیجر کمیٹی کے 31 اکتوبر فیصلے پر عملدرآمد کی استدعا کی تھی۔