سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال: اسٹاک مارکیٹ میں انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 66 ہزار سے آگے
اشاعت کی تاریخ: 1st, October 2025 GMT
کراچی: اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز بھی تیزی کا رجحان غالب رہا اور مارکیٹ نے ملکی تاریخ کی ایک اور بلند ترین سطح کو چھو لیا۔
کاروبار کا آغاز ہوتے ہی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی کے باعث انڈیکس میں 790 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 66 ہزار 283 پوائنٹس تک جا پہنچا، جو اب تک کی سب سے بڑی سطح ہے۔
گزشتہ دو دنوں سے مارکیٹ میں مسلسل تیزی جاری ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد اس رجحان کو مزید تقویت دے رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق حکومتی مالیاتی پالیسیوں، بیرونی قرضوں کی بروقت ادائیگی اور ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت اشاروں نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کیا ہے جس کا براہِ راست اثر اسٹاک مارکیٹ پر دیکھا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں شاندار تیزی ریکارڈ کی گئی تھی جب انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 64 ہزار، پھر 1 لاکھ 65 ہزار اور آخرکار 1 لاکھ 66 ہزار پوائنٹس کی نئی سطحوں پر پہنچ گیا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اسٹاک انڈیکس نے صرف دو دنوں میں تین بڑی ریکارڈ سطحیں عبور کیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں مارکیٹ میں آنے والی یہ تیزی اس بات کا ثبوت ہے کہ سرمایہ کار پاکستان کی معیشت کو زیادہ پُراعتماد نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کے بانڈز کے پریمیم پر ٹریڈ ہونے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے نے بھی مثبت تاثر ڈالا ہے۔
سرمایہ کاروں کے مطابق اگر یہ رجحان جاری رہا تو نہ صرف مارکیٹ میں مزید نئی بلندیاں دیکھی جائیں گی بلکہ معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ بڑھتی ہوئی کاروباری سرگرمیاں اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ اسٹاک مارکیٹ آنے والے دنوں میں ملکی معیشت کے لیے ایک مضبوط انجن کا کردار ادا کرسکتی ہے۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: سرمایہ کاروں اسٹاک مارکیٹ مارکیٹ میں
پڑھیں:
پاکستان میں پہلی بار بنکرنگ لائسنس کا اجراء، سمندری معیشت میں انقلاب کی توقع
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار بنکرِنگ (جہازوں کو ایندھن کی فراہمی) کے لیے تاریخی لائسنس جاری کر دیا گیا ہے۔ اس اہم اقدام کے ساتھ کراچی پورٹ پر عالمی معیار کی بنکرنگ سروس کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان کی میری ٹائم انڈسٹری میں یہ بڑا بریک تھرو ہے جس میں متعدد بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی لائسنس کے حصول میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اس منصوبے سے مستقبل میں اربوں روپے کی آمدنی آنے کی توقع ہے، جو ملکی معیشت کے لیے نہایت اہم ہو گی۔
جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ یہ سروس وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر شروع کی گئی ہے، اور اب کراچی پورٹ پر آنے والے جہازوں کو بین الاقوامی معیار کے فیول سپلائی سسٹم کی سہولت دستیاب ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی معیار کی اس سروس سے کراچی پورٹ کی علاقائی مسابقت میں اضافہ ہوگا اور منظم نظام کے باعث غیرملکی شپنگ لائنز کی آمد بھی بڑھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پورٹ میں عالمی حفاظتی اور آپریشنل اسٹینڈرڈز نافذ کر دیے گئے ہیں۔ نئی بنکرنگ سروس سے مرمت، سپلائز اور میری ٹائم لاجسٹکس کے شعبوں میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے، جبکہ ایندھن کے معیار، دستاویزات اور شفافیت کے حوالے سے بین الاقوامی اصولوں کی سختی سے پابندی کی جائے گی۔
یہ پیش رفت پاکستان کو خطے کی اہم میری ٹائم معیشتوں میں شامل کرنے کی طرف ایک بڑا قدم قرار دی جا رہی ہے۔