سید علی گیلانی کی قائم کردہ "تحریک حریت" کا دفتر سرینگر پولیس نے قرق کیا
اشاعت کی تاریخ: 1st, October 2025 GMT
بھارتی وزارت داخلہ نے تنظیم کو "دہشت گردی کو ہوا دینے اور بھارت مخالف پروپیگنڈہ پھیلانے" کے الزام میں پہلے ہی کالعدم قرار دیا ہے اور سید علی گیلانی 2022ء میں اسی عمارت پر وفات پا گئے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پولیس نے آج سرینگر کے مضافاتی علاقہ حیدرپورہ میں واقع تحریک حریت نامی علیٰحدگی پسند تنظیم کے دفتر کو قرق کر لیا۔ یہ تنظیم بزرت علیٰحدگی پسند رہنما مرحوم سید علی گیلانی کی قائم کردہ تھی اور 2023ء میں مودی حکومت نے اسے کالعدم قرار دیا تھا۔ پولیس کے مطابق ضبط کی گئی جائیداد میں ایک کنال اور ایک مرلہ رقبہ کی اراضی اور اس پر تعمیر کی گئی ایک تین منزلہ عمارت شامل ہے۔ اسی عمارت میں برسوں تک مرحوم سید علی شاہ گیلانی رہائش پذیر تھے دفتر سرگرمیاں بھی اسی عمارت میں انجام دی جاتی تھیں۔ پولیس کی جانب سے انجام دی گئی یہ کارروائی یو اے پی اے (Unlawful Activities Prevention Act) کے تحت درج ایک کیس کے تناظر میں کی گئی۔ پولیس کے مطابق یہ اقدام جمع کئے گئے شواہد اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد عمل میں لایا گیا۔
بھارتی وزارت داخلہ نے تنظیم کو "دہشت گردی کو ہوا دینے اور بھارت مخالف پروپیگنڈہ پھیلانے" کے الزام میں پہلے ہی کالعدم قرار دیا ہے اور سید علی گیلانی 2022ء میں اسی عمارت پر وفات پا گئے تھے اور ان کی قبر بھی اس کے محض چند میٹر کے فاصلے پر ہی واقع ہے۔ ضبط کی گئی پراپرٹی اکیس مرلہ اراضی اور تین منزلہ مکان پر مشتمل ہے۔ پولیس نے اس کارروائی کو وادی میں "غیر قانونی اور تخریبی سرگرمیوں کے خلاف تحقیقات کا اہم قدم" قرار دیا ہے۔ پولیس کے مطابق سلامتی کے لئے خطرہ سمجھے جانے والے عناصر اور تنظیموں کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے تاکہ امن اور قومی سالمیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سید علی گیلانی قرار دیا کی گئی
پڑھیں:
محبوبہ مفتی کا بھارتی فوج سے سرینگر کا چھتہ بل گرائونڈ خالی کرنے کا مطالبہ
ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی نے چھتہ بل کے علاقے تبل گرائونڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی نوجوانوں سے بات چیت کی۔ اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتی فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرینگر کا چھتہ بل گرائونڈ خالی کر کے اسے مقامی نوجوانوں کے حوالے کرے۔ ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی نے چھتہ بل کے علاقے تبل گرائونڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی نوجوانوں سے بات چیت کی۔ ان کے مطالبے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے بھارتی فوج پر زور دیا کہ وہ مقامی لوگوں کے گرائونڈ خالی کر دے۔ انہوں نے بھارتی فوج کے کور کمانڈر سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کے لیے میدانوں کی کمی سے نہ صرف ان کی نشوونما متاثر ہوتی ہے بلکہ انہیں منشیات کے استعمال اور ڈپریشن کی طرف لے جاتی ہیں۔ سالہا سال سے بھارتی فوج کے زیراستعمال گرائونڈ کو خالی کرنا مقامی آبادی کا ایک دیرینہ مطالبہ ہے جن کا کہنا ہے کہ اسے کھیل کے میدان اور کمیونٹی مرکز کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ محبوبہ مفتی کے ساتھ موجود مقامی لوگوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مشغول رکھنے کے لیے کھیل کے میدان ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکام کو نوجوانوں کے لئے محفوظ اور کھلی جگہوں کو یقینی بنا کر ان کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینی چاہیے جہاں وہ اپنی توانائی کو مثبت سرگرمیوں میں استعمال کر سکیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے عوامی مقامات پر قبضہ علاقے میں بھاری فوجی جمائو کا نتیجہ ہے اور کشمیری بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔