کراچی، کورنگی نمبر 4 میں نماز کی ٹوپی بنانے والے کارخانے میں آتشزدگی، 7 افراد بحفاظت ریسکیو
اشاعت کی تاریخ: 3rd, October 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں کورنگی نمبر 4 کے علاقے میں ایک چار منزلہ رہائشی عمارت میں قائم نماز کی ٹوپی بنانے والے کارخانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے تیسری، چوتھی منزل اور چھت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں، جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور کولنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا۔
فائر بریگیڈ افسر ظفر خان کے مطابق آتشزدگی کے وقت کارخانے میں 7 کاریگر موجود تھے، جنہیں ریسکیو آپریشن کے ذریعے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ واقعے میں کسی کے زخمی ہونے یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
کارخانے میں کپڑے سے نماز کی ٹوپیاں تیار کی جاتی تھیں۔ فائر حکام کا کہنا ہے کہ کارخانے کے اطراف رہائشی مکانات بھی موجود تھے جنہیں بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ سے محفوظ رکھا گیا۔
ظفر خان کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی اور نہ ہی نقصان کے حجم کا تخمینہ لگایا جا سکا ہے۔
تاہم ریسکیو اور فائر بریگیڈ عملے کی بروقت کارروائی سے ممکنہ بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کارخانے میں
پڑھیں:
کراچی، اورنگی ٹاؤن صابری چوک کے قریب اندھی گولی لگنے سے 5 سالہ بچہ جاں بحق
کراچی:شہر قائد میں اورنگی ٹاؤن کے علاقے صابری چوک کے قریب نامعلوم سمت سے فائر کی گئی اندھی گولی نے ایک 5 سالہ بچے کی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچے کی شناخت برہان کے نام سے ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برہان اپنے ماموں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر ناظم آباد کی طرف جا رہا تھا کہ اچانک کسی نامعلوم شخص کی جانب سے فائر کی گئی گولی بچے کے سر میں لگ گئی، جو اس کی زندگی کے لیے مہلک ثابت ہوئی۔
بچے کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی بچہ چار بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا اور اس کے والد شیرشاہ میں مزدوری کرتے ہیں۔
پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ گولی چلانے والے شخص کا پتا چلایا جا سکے۔