شکارپور میں خوفناک حادثہ، تیز رفتار ٹرک نے سوئے مزدوروں کو روند دیا، 7 جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 4th, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
شکارپور کے قریب قومی شاہراہ بائی پاس پر افسوسناک حادثے نے کئی گھروں کا سکون چھین لیا۔
تیز رفتار ٹرک نے سڑک کنارے سوئے ہوئے مزدوروں کو روند ڈالا۔ دل خراش واقعے میں 7 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں بہتر علاج کے لیے دیگر شہروں کے اسپتالوں میں ریفر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کا شکار افراد محنت کش تھے جو دن بھر کام کے بعد سڑک کنارے آرام کر رہے تھے۔ اسی دوران سبزی سے لدا ایک تیز رفتار ٹرک بے قابو ہوکر مزدوروں پر چڑھ دوڑا۔ حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور شہری بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس حکام نے جائے وقوع پر پہنچ کر ٹرک کو تحویل میں لے لیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آنے کا امکان ظاہر کرتا ہے، تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی حتمی وجوہات سامنے آئیں گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق
کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ملیر چیک پوسٹ نمبر 5 کے قریب ٹریفک حادثے میں خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے نجی اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفیہ کی شناخت 35 سالہ سلمیٰ کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او ملیر کینٹ آغا رشید نے بتایا کہ حادثہ منی بس کی ٹکر سے پیش آیا تھا جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ تاہم، پولیس نے منی بس کو اپنے قبضے میں لے لیا ۔ متوفیہ خاتون موٹر سائیکل پر اپنے شوہر کے ہمراہ جا رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔تاہم، پولیس فرار ہونے والے ڈرائیور کو تلاش کر رہی ہے ۔
شفیق موڑ سے سہراب گوٹھ جاتے ہوئے ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔متوفی کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 40 سالہ منصور کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے عرفان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایس ایچ او فیڈرل بی صنعتی ایریا آفتاب عباسی نے بتایا کہ حادثے موٹر سائیکل سلپ ہونے کے باعث پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جبکہ پولیس اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
دریں اثنا آرام باغ ہمدرد دواخانہ کے قریب ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والا بزرگ شہری دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔
ایدھی حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 75 سالہ اقبال کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھا جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔