لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور تیز بارش، کئی فیڈرز ٹرپ کر گئے
اشاعت کی تاریخ: 5th, October 2025 GMT
لاہور سمیت پنجاب بھر میں آندھی اور موسلا دھار بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔لکشمی چوک، نسبت روڈ، مال روڈ، ڈیوس روڈ، گلبرگ، جوہر ٹاؤن، گرین ٹاؤن اور ٹاؤن شپ سمیت متعدد علاقوں میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، آندھی اور طوفان کے باعث مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔پنجاب کے دیگر شہروں خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور کندیاں میں موسلادھار بارش ہوئی، شیخوپورہ، کمالیہ، پاکپتن، بھلوال اور مریدکے میں بادل برس پڑے۔اس کے علاوہ قصور، پتوکی، پھولنگر، ساہیوال، اوکاڑہ، حجرہ شاہ مقیم اور دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، کئی شہروں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔بارش کے بعد گرمی کی شدت کم ہوگئی، شہریوں نے گرمی سے نجات پر خوشی کا اظہار کیا مگر بجلی بندش پر پریشانی بھی نظر آئی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
تصویر سوشل میڈیا۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
لاہور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث نناوے فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے۔ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔